نئی دہلی 11 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج اعلان کیا کہ اس نے سمجھوتہ ایکسپریس کو منسوخ کردیا ہے ۔ ہندوستان نے یہ کارروائی پاکستان کی جانب سے اس ٹرین کو معطل کئے جانے کے بعد کی ہے ۔ ہندوستان ریلویز کی جانب سے ہر اتوار کو سمجھوتہ ایکسپریس نئی دہلی سے اٹاری تک اور اٹاری سے واپس دہلی تک چلائی جاتی تھی اور پاکستان اٹاری سے لاہور تک یہ ٹرین چلاتا تھا ۔ ناردرن ریلوے کے سی پی آر او دیپک کمار نے کہا کہ پاکستان میں اس ٹرین کو معطل کئے جانے کے بعد نئی دہلی اور اٹاری کے مابین چلائی جانے والی سمجھوتہ ایکسپریس کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ یہ ٹرین آج روانہ ہونے والی تھی جسے منسوخ کردیا گیا ۔ آج اس ٹرین کیلئے دو مسافرین نے ٹکٹ خریدی تھی ۔ پاکستان نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ وہ سمجھوتہ ایکسپریس اور تھار ایکسپریس ٹرینوں کو معطل کر رہا ہے ۔ پاکستان نے جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو ختم کئے جانے کے خلاف یہ اقدام کیا تھا ۔ پاکستان نے ہندوستان کی جانب سے جموںو کشمیر کے خصوصی موقف کو ختم کردینے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیر دستوری اور غیر قانونی قرار دیا تھا ۔ پاکستان نے اس فیصلے کے بعد ہندوستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح کو کم کردیا ہے اور ہندوستانی سفیر کو واپس بھیج دیا ہے ۔ پاکستان کے وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین غیر معینہ مدت کیلئے منسوخ رہے گی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ جب تک وزیر ریلوے ہیں سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین سرویس شروع نہیں کی جائے گی ۔