اسلام آباد22مئی (یو این آئی) ہندوستان کے دہلی میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم دینے کے 24 گھنٹے کے اندرہی پاکستان نے جمعرات کو جوابی کارروائی کرتے ہوئے یہاں ہندوستانی ہائی کمیشن کے ایک ملازم کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے پاکستان چھوڑنے کو کہا ہے ۔پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق متعلقہ ملازم استحقاق کے برعکس سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ نے ہندوستانی ہائی کمیشن کے ایک سینئر اہلکار کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے حکومت کے اس فیصلے سے آگاہ کیا ہے ۔ اس سفارت کار کو 24 گھنٹے میں پاکستان چھوڑنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستانی ہائی کمیشن کا کوئی بھی افسر فراہم کردہ استحقاق کا کسی بھی طرح غلط استعمال نہیں کر سکتا۔