لندن ۔ پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ انگلینڈ نے 17 رکنی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا انتخاب کیا ہے جس کی قیادت بین اسٹوکس کریں گے۔ بین اسٹوکس زخمی ہونے کے باعث سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز نہیں کھیل سکے تھے۔ جیک کراؤلی کی بھی انگلش ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ دوسری جانب ٹام ہارٹلے اور ڈین لارنس کو ٹیم سے باہرکردیا گیا ہے۔ ڈین لارنس کے نام فرسٹ کلاس کرکٹ میں17 سنچریاں ہیں لیکن بین الاقوامی کرکٹ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد انہیں ٹسٹ ٹیم سے خارج کر دیا گیا۔ انگلینڈ کی ٹیم میں دو غیر معروف کھلاڑی بھی منتخب کیے گئے ہیں۔ جارڈن کاکس اور بریڈن کارس بھی دورہ پاکستان پر جائیں گے۔ بین اسٹوکس، ریحان احمد، گس اٹکنسن، شعیب بشیر، ہیری بروک، برائیڈن کارس، جورڈن کاکس، زیک کرولی، بین ڈکٹ، جوش ہل، جیک لیچ، اولی پوپ، میتھیو پوٹس، جو روٹ، جیمی اسمتھ، اولی اسٹون اورکرس ووکس ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں۔ دریں اثناء پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹسٹ سیریزکا آغاز7 اکتوبر کو ہوگا، تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ یہ میچزکہاں ہوں گے۔ اگرچہ سیریزکا پہلا ٹسٹ ملتان، دوسرا میچ کراچی اور تیسرا راولپنڈی میں ہونا ہے تاہم اطلاعات ہیں کہ اسٹیڈیمس کا کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سیریزکا ایک ٹسٹ میچ پاکستان سے باہر منتقل کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کا آخری دورہ انگلینڈ کے لیے یادگار رہا۔ انگلش ٹیم نے پاکستان کو اپنے ہوم گراؤنڈ میں 3-0 سے شکست دی تھی۔ گزشتہ دورے میں انگلینڈ نے راولپنڈی میں پاکستان کو 74 رنز سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد ملتان ٹسٹ میں انگلینڈ نے 26 رنز سے کامیابی حاصل کی جبکہ کراچی میں انگلینڈ نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس بار بھی پاکستان کے لیے انگلینڈ کے خلاف جیتنا مشکل نظر آرہا ہے۔ ہوم گراؤنڈ پر ٹسٹ سیریز میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی خراب رہی ہے۔ پاکستان آخری 10 میں سے ایک بھی ٹسٹ نہیں جیت سکا۔ حال ہی میں اسے بنگلہ دیش سے ٹسٹ سیریز میں شکست ہوئی۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو دو میچوں کی ٹسٹ سیریز میں 2-0 سے شکست دے دی۔