پیپلز پلازہ پر موم بتی مارچ، ہزاروں افراد کی شرکت، سلمان خورشید، بھٹی وکرامارکا، مہیش کمار گوڑ، وزراء اور عوامی نمائندوں کی شرکت
پاک ۔ مقبوضہ کشمیر کو حاصل کیا جائے، پاکستان سے سمجھوتہ نہیں منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت، تلنگانہ عوام مرکز کے فیصلہ کے ساتھ، مارچ سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 25 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیاکہ وہ پہلگام میں دہشت گرد حملہ کے خلاف کارروائی کے طور پر پاکستان کے مقبوضہ کشمیر پر حملہ کرتے ہوئے اِسے واپس حاصل کرے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ اب وقت آچکا ہے کہ پاکستان کے خلاف کارروائی کی جائے اور مزید کسی سمجھوتہ کی گنجائش نہیں ہے۔ ملک کے 140 کروڑ عوام اِس کارروائی میں مرکزی حکومت کے ساتھ ہیں۔ تلنگانہ کے 4 کروڑ عوام اور بھارت سمٹ میں شرکت کرنے والے 100 ممالک کے مندوبین بھی مرکزی حکومت سے پاکستان کے خلاف کارروائی کی مانگ کرتے ہیں۔ چیف منسٹر آج شام پیپلز پلازہ سے مجسمہ اندرا گاندھی نیکلس روڈ تک موم بتیوں کے ساتھ مارچ کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ پہلگام میں دہشت گرد حملہ کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک بھر میں موم بتی مارچ کی اپیل کی تھی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے منعقدہ اِس پروگرام میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی جو موم بتی اور قومی پرچم تھامے ہوئے تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موم بتی مارچ کی قیادت کی اور پیپلز پلازہ سے مجسمہ اندرا گاندھی تک پیدل مارچ کیا۔ اے آئی سی سی قائدین سلمان خورشید، ڈگ وجئے سنگھ، پون کھیرا، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی، پونم پربھاکر، اتم کمار ریڈی، رکن کونسل وجئے شانتی، اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی، رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد اویسی کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل اور کانگریس کے سینئر قائدین نے موم بتی مارچ میں شرکت کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پہلے تلگو اور پھر ہندی میں کارکنوں سے خطاب کیا اور وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ پہلگام دہشت گرد حملہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ 140 کروڑ ہندوستانی مرکز کی جانب سے منہ توڑ جواب کے منتظر ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 1967 ء میں جس وقت چین نے ہندوستان پر حملہ کیا تھا تو آنجہانی اندرا گاندھی نے منہ توڑ جواب دیا تھا۔ 1971 ء میں جب پاکستان نے حملہ کی جسارت کی تو اندرا گاندھی نے پاکستان کو دو ٹکڑوں میں منقسم کردیا اور بنگلہ دیش کا وجود قائم ہوا۔ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے اندرا گاندھی کو درگا ماتا سے تعبیر کیا تھا۔ مودی جی آپ بھی درگا ماتا کے بھگت ہیں لہذا پاکستان کے خلاف جو کارروائی کرنا ہے کیجئے۔ اب سمجھوتہ کا کوئی وقت نہیں بلکہ منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ ہندوستان کو چاہئے کہ وہ پاک مقبوضہ کشمیر پر حملہ کرتے ہوئے اُسے دو حصوں میں منقسم کردے اور ہندوستان کے حصہ کو واپس حاصل کرلے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں ہے بلکہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر تمام پارٹیاں اور عوام مرکزی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ مودی حکومت پاکستان کے خلاف کیا کارروائی کرتی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ ہندوستان پرامن طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور پاکستان نواز دہشت گردوں نے پہلگام میں سیاحوں پر حملہ کرتے ہوئے امن اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ مستقبل میں دہشت گردی کے واقعات کو روکنے کے لئے ملک سیاسی اختلافات فراموش کرتے ہوئے متحد ہوچکا ہے۔ تلنگانہ حکومت بھی مرکز کے ہر فیصلہ کی تائید کا اعلان کرتی ہے جس کے لئے آج ہزاروں کی تعداد میں عوام موم بتی مارچ میں شریک ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ عوام کے لئے انتہائی جذباتی مسئلہ ہے اور ملک کے اتحاد اور سالمیت کی برقراری اور دہشت گردی کا مستقل طور پر خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دنیا بھر کی نظریں ہندوستان کی طرف ہیں جو دیکھنا چاہتے ہیں کہ حملہ آور اور سازشیوں کے خلاف کیا کارروائی کی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے پہلگام حملہ کے مہلوکین کو خراج پیش کرتے ہوئے پسماندگان سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ تلنگانہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔1