عمران خان کو مودی کی مبارکباد پر کانگریس کا طنز
مسٹر 56 کا زور بازو
محض عوام اور میڈیا تک محدود
نئی دہلی۔/23 مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو ان کے ملک کے قومی دن کے موقع پر نیک خواہشات کے ساتھ پیغام مبارکباد روانہ کئے جانے پر کانگریس نے انھیں ( مودی ) کو طنز اور تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے وزیر اعظم مودی کو خود ان کی طرف سے استعمال کردہ الفاظ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ’’ پاکستان کو لو لیٹرس ( عشق نامے ) لکھنا بند کریں ‘‘ اور الزام عائد کیا کہ ان ( مودی ) کی زوربازو کی سیاست محض عوام اور میڈیا تک ہی محدود ہے۔ واضح رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر جب 23 مارچ کو ہر سال منائے جانے والے لاہور قرارداد کی منظوری کے طور پر جشن منایا جارہا تھا مودی کی طرف سے خان کو پیغام مبارکباد روانہ کئے جانے کے بعد کانگریس نے یہ تنقیدی حملہ کیا ہے۔ سرجے والا نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ سالگرہ ، آئی ایس آئی دعوت کیلئے ساڑی۔ شال کے ساتھ پاکستان کے اچانک دورہ کی سفارت کاری کیلئے مشہور ’’ مسٹر 56 ‘‘ گذشتہ روز کافی شرمندگی محسوس کررہے تھے۔ کوئی اندازہ کرسکتا ہے؟ چوکیدار نے اس حقیقت کو چھپا دیا کہ پاکستان کی دہشت گردی پر ایک لفظ کہے بغیر انہوں نے یوم پاکستان پر پاکستان کے وزیر اعظم کو مبارکباد دی۔ ’’ زور بازو کی سیاست محض عوام اور میڈیا تک محدود ہے۔‘‘ سرجے والا نے ایک ویڈیو کلپ بھی منسلک کیا جس میں یو پی اے دور حکومت میں مودی کہہ رہے تھے کہ پاکستان کے تمام لو لیٹرس ( محبت نامے ) لکھنا بند کریں اور پاکستان کے ساتھ ایسی زبان میں بات کی جائے جو اُس کی سمجھ میں آتی ہے۔
