نئی دہلی : پاکستان کے سفارتی امور کے ذمہ دار کو منگل کو وزارت امور خارجہ طلب کیا گیا اور انہیں مطلع کیا گیا کہ ہندوستان نے ان کے ہائی کمیشن کے عہدیداروں کی سرگرمیوں کے تعلق سے بار بار تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وہ جاسوسی کی حرکتوں میں ملوث ہوئے ہیں اور دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ معاملتیں کرتے رہے ہیں۔ دو عہدیدار رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اور 31 مئی 2020 ء کو انہیں ملک سے نکال دیا گیا ۔ پاکستانی عہدیداروں کی حرکتیں ہائی کمیشن میں ان کے منصب کے شایان شان نہیں ہیں۔پاکستان نے جواب میں متوازی اقدام کرتے ہوئے اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کے عہدیداروں کو دھمکانے کی مہم شروع کر رکھی ہیں۔ حال ہی میں دو ہندوستانی عہدیداروں کو بندوق کی نوک پر لے جاکر ان سے کافی خراب برتاؤ کیا گیا ۔ بعد میں وہ رہا کردیئے گئے ۔ ان حالات کے پیش نظر حکومت ہند نے پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں اسٹاف کی عددی طاقت کو 50 فیصد تک گھٹا دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے جواب میںہندوستان اسلام آباد میں اپنا اسٹاف بھی یکساں طور پر گھٹائے گا۔