کرتارپور صاحب گردوارہ کے انتظامیہ کی تبدیلی
نئی دہلی ۔ ہندوستان نے آج پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو طلب کرتے ہوئے کرتارپور صاحب گردوارہ کا انتظام ایک سکھ ادارہ سے واپس لے کر کسی اور ٹرسٹ کے حوالے کردینے پر شدید احتجاج درج کروایا ۔ ہندوستان نے مطالبہ کیا کہ اس یکطرفہ فیصلے کو فوری واپس لیا جانا چاہئے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستو نے کہا کہ پاکستانی ناظم الامور آفتا ب حسن خان کو دفتر خارجہ میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا فیصلہ قابل مذمت ہے اور یہ کرتارپور صاحب راہداری کے فیصلے کی اصل روح کے مغائر ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی ناظم الامور کو طلب کرتے ہوئے ہندوستان کے شدید احتجاج سے واقف کروایا گیا ہے ۔ اس بات سے بھی واقف کروایا گیا ہے کہ پاکستان کا یکطرفہ طور پر کیا گیا فیصلہ قابل مذمت ہے اور یہ کرتار پور صاحب راہداری کی اصل روح کے مغائر ہے ۔ اس فیصلے کو فوری واپس لینے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے سکھ برادری کے مذہبی جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ اس سلسلہ میں سکھ تنظیموں نے حکومت ہند سے نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اس سے سکھ اقلیت کے حقوق سلب ہوتے ہیں۔
