لاہو ۔21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف ونڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے اور عمر اکمل اور احمد شہزاد سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ونڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا۔مصباح نے کہا کہ اس سیزن ہمیں صرف50 اوورز کے میچز کھیلنے ہیں اس لیے ہم اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، میں نے اپنے پورے کیریئر میں یہ سیکھا ہے کہ کوئی بھی میچ آسان یا حریف آسان نہیں ہوتا۔ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ محمد رضوان، عابد علی اور عثمان شنواری عمدہ کارکردگی کے باوجود بدقسمتی سے ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے اور ان کی مستقل اچھی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر انہیں ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔ مصباح نے کہا کہ حسن علی سیریز کے لئے اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن کل ان کو کمر میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد فزیو کے مشورے انہیں سیریز کے لیے آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا اور وہ بحالی کے عمل سے گزرنے کے بعد اب ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، امام الحق، عابد علی، آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد رضوان، محمد عامر، محمد حسنین، عثمان شنواری اور محمد نواز شامل ہیں۔چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے کہا کہ اب تک عماد وسیم ہی ہمارے پاس ایک ایسے کھلاڑی تھے جو بولنگ کرنے کے ساتھ ساتھ نچلے نمبروں پر آ کر اچھی اور جارحانہ بیٹنگ بھی کر رہے تھے لیکن ہم نے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے محمد نوازکو تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں محمد نواز کی کارکردگی اچھی رہی ہے اور وہ فرسٹ کلاس کے ساتھ ساتھ حال ہی میں قائد اعظم ٹرافی میں بھی اچھے کھیلکا مظاہرہ کر چکے ہیں۔