کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان جانے کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے بلکہ پاکستانی ٹیم ہندوستان ضرور جائے اور وہاں سے جیت کر واپس آئے۔ سندھ پریمیئر لیگ سے متعلق ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ہندوستان میں پریشر ہوتا ہے ان کے دور میں تو وہ چوکے چھکے لگاتے تھے تو کوئی تالی تک نہیں بجاتا تھا، بنگلور میں کامیابی کے بعد ٹیم بس پر پتھراؤ بھی ہوا لیکن اس پریشر کا اپنا مزہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی اور پاکستانی کرکٹ بورڈز کے درمیان جو بھی معاملات طے ہوں اس کا آفیشل اعلان ہونا چاہیے تاکہ کوئی بدنظمی نہ ہو، بورڈ کے اندر سے خبریں سامنے آنا درست عمل نہیں ہے۔ انہوں نے پی سی بی میں بار بار تبدیلی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ چھ سے آٹھ مہینے میں تین چیئرمین بدل گئے وہ بھی ایسے موقع پر جب ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سر پر ہے، ایسے موقع پر اہم فیصلے کرنا ہوتے ہیں، پی سی بی میں معلوم نہیں کوئی سسٹم ہے یا نہیں اور اس سسٹم کو فالو بھی کوئی کرتا ہے یا نہیں۔