پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کا الزام ، ایک گرفتار

   

لندن : لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ ہندوستانی شرپسندوں نے جمعہ کو ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ کے دوران عمارت کے شیشے توڑ دیئے تھے اور عمارت پر سرخ رنگ پھینکا تھا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے حملہ کی تفصیلات سے پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔ لندن میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا ہے کہ معاملہ برطانوی دفتر خارجہ کے ساتھ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمیشن کو سیکیورٹی فراہم کرنا برطانوی حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت برطانیہ سے اپیل ہے کہ ذمہ داران کو پکڑ کر سزا دی جائے۔ ہندوستانی شرپسندوں کے جمعہ کے احتجاج کے جواب میں پاکستانیوں نے بھی لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے ہندوستان کی آبی جارحیت اور دیگر انتہاپسندانہ اقدامات کے خلاف نعرے لگائے۔