واشنگٹن، 18 اکتوبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تنازعہ ختم کرانا ان کے لیے بہت آسان ہوگا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اپنی مدتِ صدارت کے دوران انہوں نے 8 جنگوں کو رکوایا، جن میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار ان سے کہا تھا کہ ان کی کوششوں نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ کو ٹال کر لاکھوں جانیں بچائیں۔ دریں اثنا، پاکستان اور افغان طالبان حکومت نے اپنے درمیان جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کرلیا ہے ، جو کل ختم ہونے والی تھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں فریقین نے دوحہ میں جاری مذاکرات کے اختتام تک 48 گھنٹے کی جنگ بندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قطر میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی وفد شرکت کرے گا، جبکہ افغان طالبان کا ایک وفد بھی مذاکرات کے لیے قطری دارالحکومت پہنچے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 13 اکتوبر کو بھی امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ جنگیں ختم کرنے میں ماہر ہیں، اور وہ امن کے اقدامات پر نوبیل انعام حاصل کرنے کے خواہشمند نہیں، ان کا کہنا تھا کہ سنا ہے پاکستان اور افغانستان میں جنگ جاری ہے ، یہ معاملہ دیکھنا ہوگا۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق واشنگٹن میں مشرق وسطیٰ روانگی کے موقع پر ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے اس دیرینہ دعوے کو دہرایا تھا کہ ان کے ٹیرف کے خطرات نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ کو روکنے میں مدد کی تھی، اور کہا تھا کہ ان کی سفارت کاری کا مقصد ایوارڈ جیتنا نہیں بلکہ جانیں بچانا تھا۔
ٹرمپ کا شکاگو میں فوج بھیجنے پر زور
واشنگٹن۔ 18 اکتوبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا ڈیموکریٹس حامی شہر شکاگو میں فوج بھیجنے پر زور دیا ہے ۔ میڈیا کے مطابق شکاگو سرکٹ کورٹ آف اپیلز نے فوج کی تعیناتی عارضی طور پر روکنے پر صدر ٹرمپ نے شکاگو میں فوج تعیناتی کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ شکاگو میں فوج تعینات کرنے کی اجازت دے ، شکاگو کورٹ نے فوج تعیناتی روک کر صدارتی اختیارات میں مداخلت کی۔ امریکی صدر نے کہا کہ شکاگو میں امن وامان قائم کرنے کیلئے فوج کی تعیناتی ضروری ہے ، پاکستانی نژاد ریپبلکن ساجد تارڑ کہتے ہیں شکاگو میں بدامنی عروج پر ہے اور ڈیموکریٹ میئر ناکام ہوچکے ہیں۔ یاد رہے کہ 10 اکتوبر کو وفاقی جج نے شکاگو میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی کو عارضی طور پر روک دیا تھا، عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ شکاگو میں بغاوت یا سیکیورٹی خطرے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے حالیہ دنوں میں شکاگو میں بڑھتے جرائم اور احتجاجی مظاہروں کے پیشِ نظر نیشنل گارڈز تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم عدالت نے اس فیصلے پر عمل درآمد روک دیا۔ فیصلے میں جج نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے شکاگو میں ایسی کوئی صورتحال ظاہر نہیں کی جو فوجی تعیناتی کو جائز ٹھہراتی ہو۔ واضح رہے کہ چند روز قبل صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بیان دیا تھا کہ ریاست شکاگو کے میئر اور گورنر کو جیل بھیج دینا چاہیے ، کیونکہ وہ وفاقی امیگریشن افسران اور عوام کی حفاظت میں ناکام رہے ہیں۔
