نئی دہلی ، 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) پانچ ہندوستانی کرکٹرز چیتیشور پجارا ، رویندر جڈیجا ، لوکیش راہل ، سمرتی مندھانا اور دیپتی شرما کو ان کے مقام قیام کا انکشاف نہ کرنے پر نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔ہندستان اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن سے گزر رہا ہے اور اس صورتحال میں تین ماہ کے پتے کے بارے میں بتانا ضروری ہے ۔ اس اصول کی تین بار خلاف ورزی کرنا ایک مرتبہ اینٹی ڈوپنگ اصول کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا اور سماعت کے دوران کسی کھلاڑی کو دو سال کی معطلی کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔پجارا ، راہل اور جڈیجا ٹیم انڈیا کے ممبر ہیں جبکہ مندھانا خواتین کی ٹی 20 ٹیم کی کپتان ہیں اور دیپتی شرما آل راؤنڈر ہیں۔ یہ کھلاڑی 110 ممبران کے نیشنل رجسٹرڈ ٹیسٹنگ پول این آر ٹی پی میں شامل ہیں۔ناڈا کے ڈائریکٹر جنرل نوین اگروال نے بتایا کہ بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ان کھلاڑیوں کی جانب سے وضاحت بھیجی ہے۔
