پلی رکن پارلیمنٹ ومشی کرشنا کی مرکزی وزیر اشونی ویشنو سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 15۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ جی ومشی کرشنا نے مرکزی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی اشونی ویشنو سے ملاقات کی اور پدا پلی میں سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے قیام کا مطالبہ کیا۔ پدا پلی کے رکن پارلیمنٹ نے اس سلسلہ میں تفصیلی یادداشت پیش کی اور کہا کہ پدا پلی ۔ منچریال ریجن کی ترقی کیلئے سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کا قیام ضروری ہے۔ ومشی کرشنا نے کہا کہ علاقہ میں گوداوری کا پانی وافر مقدار میں موجود ہے اور کئی اہم صنعتی ادارے قائم ہیں جن میں سنگارینی کالریز اور این ٹی پی سی شامل ہیں۔ علاقہ میں انڈسٹریل انفراسٹرکچر کی بہتر سہولتیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے لئے درکار پروفیشنلس اور ورکرس علاقہ میں دستیاب ہیں ۔ انہوں نے مرکز کی جانب سے سیمی کنڈکٹر پراجکٹ کو تلنگانہ سے آندھراپردیش منتقل کرنے کے فیصلہ پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کو سیاسی فائدہ پہنچانے کیلئے مرکز نے یہ فیصلہ کیا۔ مرکز کا یہ فیصلہ میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے قیام سے مقامی نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا اور بیروزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ومشی کرشنا نے بتایا کہ اگر 2025 میں آندھراپردیش کے لئے 468 کروڑ سے سیمی کنڈکٹر یونٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے منظوری پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ تلنگانہ وزراء کی جانب سے نمائندگی کے باوجود مرکز نے پراجکٹ کو منتقل کردیا۔ انہوں نے نریندر مودی حکومت پر تلنگانہ کے ساتھ جانبدارانہ سلوک کا الزام عائد کیا ۔1
