پداپلی۔28/ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )پداپلی سرکاری ہسپتال میں پیچیدہ صورت حال سے نمٹنے کے تحت کووڈ- 19 مرض سے مبتلاء افراد کے علاج کے لئے 10 بستروں پر مشتمل آئی سی یو کا قیام عمل میں لانے کی اطلاع پداپلی ضلع کلکٹر سِکتا پٹنائک نے ایک صحافتی بیان میں دی ۔ضلع کلکٹر نے سرکاری ہسپتال میں تیار کئے جارہے انٹینسیو کیر یونٹ کا معائنہ کیا. ضلع کلکٹر نے محکمہ طب کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایمرجنسی حالات میں کورونا مریض کے علاج کے لئے آئی سی یو کو تیار رکھیں’ تمام ضروری مرمت کے کام فوری مکمل کرلیں. ہسپتال میں ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنائیں. ضلع کلکٹر نے محکمہ طب کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں. ہسپتال میں صفائی کو زیادہ ترجیح دینے ‘ ڈاکٹروں کو بھی فرائض کی انجام دہی کے دوران لازمی طور پر ماسک لگانے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت دی. بعد ازاں ضلع کلکٹر نے رکن اسمبلی حلقہ پداپلی داسری منوہر ریڈی کے ہمراہ جھنڈا چوراستہ پر ضروری اشیاء کی سر براہی کا مشاہدہ کیا. ضروری سامان کی خریداری کے وقت عوام کو سماجی دوری ( 1 میٹر کی دوری) برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے عہدیداروں کو اقدامات کرنے کی تاکید کی. ضروری سامان کی خریداری کے لئے گھر سے صرف ایک فرد کو نکلنے کی ہدایت دی. ایم ایل اے داسری منوہر ریڈی نے خواہش کی کہ گھر پر ہی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے. انھوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی اس مرض کا خاتمہ ممکن ہے. عہدیداران کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی انھوں نے عوام سے اپیل کی ۔بعد ازاں ضلع کلکٹر نے شہر کے چند وارڈ اور ریلوے اسٹیشن کا معائنہ کیا۔