مریضوں کو آیوش مان بھارت ہیلت کارڈ فراہم کئے جائیں گے: ڈاکٹر پرمود کمار
پداپلی۔ ضلعی عہدیدار برائے طب و صحت، پداپلی ڈاکٹر پرمود کمار نے بروز ہفتہ 16 اپریل کے صحافتی بیان میں مطلع کیا کہ ہندوستان کی 75ویں یوم آزادی کے موقع پر ’’آزادی کا امرت مہا اْتسو‘‘ پروگرام کے تحت قومی صحت مشن کے زیر اہتمام اور ضلع کلکٹر پداپلی کی ہدایت پر پداپلی ڈویڑن میں ہیلتھ میلہ -2022 پروگرام کے تحت 18اپریل 2022 بروز پیر صبح 8.00 بجے گورنمنٹ جونئیر کالج(بائز), پداپلی میں اور بتاریخ 22اپریل2022 بروز جمعہ منتھنی ڈیویژن میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گااس میگا ہیلتھ کیمپ میں تمام شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹروں جیسے ماہر امراض چشم، گائناکالوجسٹ، آرتھو پیڈک، جنرل فزیشین، ای این ٹی، ماہر امراض جلد، ڈینٹسٹ، سائیکاٹرسٹ، آیورویدک پریکٹیشنر ، اور دیگر دائمی امراض سے متعلقہ ماہر ڈاکٹرس شرکت کریں گے اور مفت دوائیاں بھی دی جائیں گی۔ ساتھ ہی معائنہ کروانے والے مریضوں کو آیوشمان بھارت ہیلتھ کارڈ فراہم کیا جائے گا، جس کے لئے آدھار کارڈ اور موبائیل فون لے کر آنا ہوگا۔ یہ کارڈ حاصل کرنے والے افراد کو مرکزی حکومت کی جانب 5 لاکھ روپئے کا انشورنس ہوگا۔ مفت میں لیاب ٹسٹس جیسے ٹی بی ٹسٹ، ڈینگو، ملیریا، ایچ آئی وی، وغیرہ کا معائنہ کیا جائے گا۔ محکمہ صحت و دیگر محکمہ جات کی جانب سے صحت کی تعلیم اور دیگر محکمہ جات کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات پر آگاہی پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا. خصوصی طور پر عوام کی طرز زندگی میں تبدیلی کی وجہ سے لاحق ہونے والی بیماریاں جیسے بی پی، شگر ،کینسر وغیرہ پر شعور اجاگر کرتے ہوئے سماجی صحت کی بہتری کے لئے اس طبّی میلہ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔انڈین ریڈ کراس سوسائٹی اور لائنس کلب کے زیر اہتمام خون کا عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ لہذا اس ہیلتھ میلہ میں مختلف امراض سے متاثرہ افراد اور بہتر صحت سے متعلق آگاہی حاصل کرنے کے لئے پداپلی ڈویژن کے عوام الناس سے اس موقع سے مستفید ہونے کی اپیل کی جاتی ہے۔ عوامی نمائندوں ، آنگن واڑی ٹیچرس، آشا ورکرس، پنچایت راج عملہ کو صحت کے مسائل سے متاثرہ افراد کو ہیلتھ کیمپ میں شرکت کی ترغیب دینے کی انھوں نے درخواست کی۔