پدماوتی ریڈی نے حضورنگر سے پرچہ نامزدگی داخل کردیا

   

حیدرآباد۔ 26ستمبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی حضورنگر سے شریمتی پدماوتی ریڈی نے آج کانگریس امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد کے ساتھ وہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے لیے پہنچیں۔ اس موقع پر پارٹی کارکنوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ پدماوتی ریڈی حضورنگر اسمبلی حلقے سے پہلی مرتبہ مقابلہ کررہی ہیں۔ جبکہ 2014ء میں وہ حلقہ اسمبلی کوداڑ سے کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئی تھیں۔ حضور نگر میں اتم کمار ریڈی کے استعفے کے بعد یہ نشست خالی ہوئی۔ لوک سبھا کے لیے انتخاب کے بعد اتم کمار ریڈی نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پدماوتی ریڈی نے کہا کہ وہ تلنگانہ کی ایک بیٹی کی طرح انتخابی میدان میں ہیں اور انہیں یقین ہے کہ عوام کا آشیرواد حاصل ہوگا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت ایک خاتون کو شکست دینے کے لیے حضور نگر میں سرکاری مشنری کا بے جا استعمال کررہی ہے۔ کانگریس کو شکست دینا حکومت کا عین مقصد ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے کانگریس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ پدماوتی ریڈی نے امید ظاہر کی کہ انہیں سماج کے تمام طبقات کی تائید حاصل ہوگی۔