پدماوتی ریڈی نے پرچہ نامزدگی داخل کردیا، سینکڑوں کارکنوں کی شرکت

   

حیدرآباد۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) حضورنگر اسمبلی حلقے کے ضمنی چنائو میں کانگریس امیدوار کی حیثیت سے پدماوتی ریڈی نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ سینکڑوں کارکنوں کی موجودگی میں پدماوتی ریڈی نے پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ حضورنگر کے عوام انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ اس موقع پر پارٹی کارکنوں اور عوام میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پدماوتی ریڈی نے برسر اقتدار ٹی آر ایس پر سرکاری مشنری کے بے جا استعمال کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور پیسے کے ذریعہ کانگریس کارکنوں کو لالچ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرپنچوں کو پرچہ نامزدگی کے ادخال سے روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔ جمہوریت میں ہر کسی کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔ پدماوتی ریڈی نے کہا کہ ضمنی انتخابات جمہوریت اور ٹی آر ایس کی بدعنوانیوں کے درمیان مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے پاس خواتین کا کوئی احترام نہیں ہے اور وزراء اور ارکان اسمبلی کانگریس کی خاتون امیدوار کی توہین کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک سکیولر پارٹی ہے اور اس نے ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر جدوجہد کی۔ کانگریس پارٹی انتخابی مہم کے دوران ٹی آر ایس کے مظالم اور عوام سے کیئے گئے دھوکہ دہی کے واقعات کو بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر میں جو بھی ترقیاتی کام انجام دیئے گئے وہ کانگریس کے دور کے ہیں۔ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد حضورنگر کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام نے ٹی آر ایس کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔