تعلیمی سال کو صفر کرنے اور طلبا کو پروموٹ کئے جانے پر غور ممکن
حیدرآباد۔پرائمری اسکولوں کو جاریہ تعلیمی سال کے دوران نہیں کھولا جائیگا اور انہیں اگلی جماعت میں داخلہ دینے احکامات جاری کردیئے جائیں گے۔ تاحال اسکولوں کی کشادگی کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے لیکن اگر اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو پرائمری جماعتوں کے طلبہ کو اسکول طلب نہیں کیا جائیگا اور یکم تا پنجم جماعت کے طلبہ کو کلاس میں شرکت کی ضرورت نہیں ہوگی۔ حکام نے بتایاکہ جملہ 11.5 لاکھ طلبہ سرکاری اسکولوں میں جبکہ خانگی اسکولو ںمیں پرائمری طلبا کی تعداد 15 لاکھ سے زیادہ ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ کورونا ٹیکہ اندازی کے بعد پرائمری طلبہ کو اسکول واپس لایاجائے گا جب تک ان کیلئے اسکولوں کی کشادگی ممکن نہیں ہوگی ۔ حکام کا کہناہے کہ حکومت کے احکام پر عمل کیا جائے گا جبکہ محکمہ تعلیم کے ماہرین کی تجاویز حکومت کو روانہ کردی گئی ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ ماہ مارچ سے نصف یوم کیلئے اسکولوں کی کشادگی کے قیاس بھی قطعی نہیں ہیں اور نہ تلسنکرانت کے بعد اسکولوں کی کشادگی کے امکانات ہیں بلکہ حکومت اگر امتحانات لینے کا فیصلہ کرتی ہے تو کچھ اقدامات کئے جائیں گے بصورت دیگر جاریہ تعلیمی سال کو صفر قرار دے کر پرائمری طلبہ کے طرز پر دیگر طلبہ کو بھی پروموٹ کیا جاسکتا ہے ۔
