تلاشی مہم میں تاحال 20 کروڑ روپئے ضبط، کمشنر پولیس انجنی کمار کا انکشاف
حیدرآباد ۔ /9 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس نے پارلیمانی انتخابات کیلئے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں اور 15 ہزار سے زائد پولیس فورس کو متعین کیا جارہا ہے ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ /11 اپریل کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظر پولیس نے تلاشی میں تیزی پیدا کردی ہے اور اب تک کی کارروائی میں 20 کروڑ نقد رقم ضبط کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ، سکندرآباد پارلیمانی حلقوں کیلئے مکمل تیاریاں کی گئی ہیں جبکہ ملکاجگری اور چیوڑلہ حلقوں کے بعض پولنگ اسٹیشنس کیلئے بھی سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جملہ 20 اسمبلی حلقوں کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس نے سکیورٹی کی اسکیم تیار کی ہے جبکہ 15 حلقہ مکمل طور پر حیدرآباد کے حدود میں ہے اور 5 حلقے جزوی طور پر حدود میں آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی پی سطح کے دو عہدیداروں کو ایڈیشنل نوڈل آفیسر بنایا گیا ہے جبکہ اے سی پی رتبہ کے عہدیداروں کو 15 سب نوڈل آفیسرس بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ مراکز کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں 13 پولنگ مراکز انتہائی حساس ہے ۔ کوئیک ری ایکشن ٹیمس ، فلائینگ اسکواڈ کے علاوہ ریاپڈ ایکشن فورس اور دیگر پولیس عملہ کو بھی انتخابات کیلئے تعینات کیا جارہا ہے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ رائے دہی کے دن دونوں شہروں میں 518 چیک پوسٹس اور پکٹس قائم کئے جارہے ہیں اور سرحدی پولیس اسٹیشنس پر بھی پولیس فورس کو متعین کیا جارہا ہے ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ انتخابات کیلئے پوری تیاری کرلی گئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ انتخابات پرامن طور پر گزر جائیں گے ۔
