پرانا شہر کے واحد آکسیجن سنٹر کو بند کردیاگیا!

   

حیدرآباد۔پرانے شہر کے علاقہ نواب صاحب کنٹہ میں غیر سرکاری تنظیم کے تعاون سے کھولے گئے کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے آکسیجن سنٹر کو بند کردیا گیا۔ حکومت نے آکسیجن کی فراہمی کے متعدد اعلانات کئے ہیں لیکن پرانے شہر کے علاقہ میں اب تک ایک بھی آکسیجن مرکز قائم نہیں کیا جاسکا ہے اور نہ ہی محکمہ صحت کی جانب سے اس مسئلہ پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ غیر سرکاری تنظیم نے عوامی عطیات و چندہ وصول کرتے ہوئے نواب صاحب کنٹہ میں موجود سینٹ اینس میٹرنٹی ہاسپٹل کی بالائی منزل پر آکسیجن مرکز کا قیام عمل میں لایا تھا اور 50 بستروں پر مشتمل اس مرکز کا آغاز ہونے کے بعداسے تین دن کے اندر بند کردیا گیا لیکن کوئی وجہ نہیں بتائی جا رہی ہے کہ آخر کیوں اس مرکز کو بند کیا گیا ہے۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ابتدائی تین یوم کے دوران اس مرکز پر آکسیجن کی فراہمی میں کوئی مشکلات کا سامنا نہیں رہا لیکن اس کے بعد طبی عملہ اور آکسیجن کی سربراہی میں ہونے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پرانے شہر میں قائم کئے گئے واحد آکسیجن مرکز کو بھی بند کردینے کا فیصلہ کرتے ہوئے مرکز میں موجود مریضوں کو واپس کردیاگیا۔