سی ایس آر سے 2.6 کروڑ کی اجرائی ، چیف کنزرویٹر کا بیان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : جیمس اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کی بحالی کے بعد پرانی حویلی میں واقع 125 سال پرانے کمشنر آفس جسے کوتوال بلدیہ بھی کہا جاتا ہے ۔ اس کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔ بحال شدہ عمارت کو چہارشنبہ کو پولیس کے حوالہ کردیا گیا ۔ یہ نصف دہائی سے زیادہ عرصے سے استعمال میں نہیں آیا تھا ۔ 2023 میں حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے کوتوال آفس کے تحفظ کے لیے دکن ٹیرین ہیرٹیج کے چیف کنزرویٹر میر خان کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے جو کہ ورثہ کے تحفظ اور بحالی کی ایک خصوصی کمپنی ہے ۔ گرینکو گروپ کے انیل کمار نے تاریخی عمارت کی بحالی کے لیے سی ایس آر اقدام کے تحت 2.6 کروڑ روپئے فراہم کئے ہیں ۔ عمارت کا احاطہ چھٹے نظام میر محبوب علی خاں نے عطیہ کیا تھا کوتوال دفتر نو آبادیاتی طرز تعمیر میں بنایا گیا ہے جو 4500 مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے ۔ جس میں پتھر اور چونے کی چنائی کا استعمال کیا گیا ہے ۔ دروازہ اور کھڑکیوں پر پتھر کی محرابیں ہیں ۔ دکن ٹیرین ہیرٹیج کے چیف کنزرویٹر میر خاں نے کہا کہ چھت کا پلاسٹر خراب ہوگیا تھا اور مسلسل نمی کی وجہ سے پانی نکل رہا تھا ۔ چھت کی واٹر پروفنگ کی ہے ۔ چونکہ یہ ایک تاریخی عمارت ہے اس لیے چونا مارٹر استعمال کیا گیا اور پلاسٹر کے تین کوٹ لگائے گئے ۔ بحال شدہ عمارت میں ایک سی پی کیبن ایک انتظار گاہ ایک کانفرنس روم اور ایک ڈی سی پی دفتر بھی شامل ہے ۔ دکن ٹیرین ہیرٹیج کی جانب سے بحالی کاموں میں مکہ مسجد ، مولا علی کمان ، لنگر حوض میں قطب شاہی مسجد ، 18 ویں صدی کا گلزار حوض فاونٹین و دیگر عمارتیں شامل ہیں ۔۔ ش