پرانی سیاست دم توڑ چکی ہے نئے باب کا آغاز کرنے نئی نسل سیاست میں داخلہ لیں

,

   

نفرت کے بازار میں محبت کی دوکان کھولنا ہے، بھارت سمیٹ سے راہول گاندھی کا خطاب

نعیم وجاہت
حیدرآباد ۔ 26 اپریل کانگریس کے سینئر قائد قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے نئی نسل کو سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا اور کہا کہ جمہوری سیاست بدل چکی ہے۔ 10 سال پہلے کے حالات اب نہیں رہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو ایوانوں میں بولنے کا موقع نہیں مل رہا ہے جس پر انہوں نے تشویش کا اظہار کیا۔ ایچ آئی سی سی میں منعقدہ ’’بھارت سمیٹ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مجھے کل ہی بھارت سمیٹ میں شرکت کرنا تھا لیکن کشمیر چلا گیا جس کیلئے میں معذرت خواہ ہوں۔ اس باوقار چوٹی کانفرنس کا انعقاد کرنے پر تلنگانہ حکومت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے جیسے اب حالات نہیں رہے۔ اب سب کچھ جدید سیاست ہے۔ سوشل میڈیا سے سب کچھ بدل گیا ہے۔ اپوزیشن کو دبانے کے پروگرامس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ صرف بھارت میں ہی نہیں پوری دنیا میں اپوزیشن جماعتوں کو دبایا جارہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ حالات ایسے پیدا ہوگئے ہیں کہ اپوزیشن کو اپنے دلائل پیش کرنے کیلئے نئے پلیٹ فارمس تلاش کرنے پڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اور لوگ اب مسائل کے حل کیلئے راستے تلاش کررہے ہیں۔ قائدین کو بھی عوام کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنے کا راہول گاندھی نے مشورہ دیا۔ انہوں نے نفرت کی سیاست کرنے کے بجائے لوگوں میں محبت پھیلانے پر زور دیا۔ بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ انہوں نے سارے ملک کا سفر کیا اور اس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا ہے۔ پدیاترا شروع کرنے سے قبل ایک فکر تھی کارواں آگے بڑھتے گیا اور لوگ اس میں شامل ہوتے گئے۔ میں نے بھارت جوڑو یاترا میں 4000 کیلو میٹر پیدل چلا ہے۔ میں نے کنیاکماری سے پیدل چلنا شروع کیا۔ 10 دن کے بعد میرے ساتھ چلنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ اس سفر نے مجھے بہت کچھ سکھا دیا۔ میں نے سیکھا ہیکہ لوگوں سے کیسے بات کرنی ہے۔ ان کے مسائل کو کیسے سننا ہے۔ آدھے فاصلہ طئے کرنے کے بعد میں پہلے سے بالکل مختلف ہوگیا تھا۔ میں نے ماضی میں پہلے عوام سے ہونے والی محبت کا اظہار نہیں کیا لیکن بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ میں نے عوام سے اپنی محبت کا بھرپور اظہار کرچکا ہوں جس پر عوام نے بھی زبردست ردعمل کا اظہار کیا۔ راہول گاندھی نوجوان نسل کو سیاست کا حصہ بننے کا مشورہ دیا۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا نے کہا کہ تعلیم، صحت کی دیکھ بھال وغیرہ جیسے اہم مسائل پر نئی پالیسیاں بنانے کا وقت آ گیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ نفرت کی سیاست کو بدلنا ہوگا۔ ہندوستان کو آج ایک نئی سیاست کی ضرورت ہے۔ آئیے ہم سب مل کر ایک نئی سیاست کا آغاز کریں۔ سب کے خیالات کو قبول کریں اور نئے انداز کے ساتھ آگے بڑھنے کی حکمت عملی تیار کریں۔ نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولنے کا وقت آ گیا ہے۔ یہ تب ہی ممکن ہے نوجوان نسل بڑی تعداد میں سیاست کا حصہ بن جائے۔ دنیا کے چیلنجس اور تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کو ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ پرانی سیاست ختم ہوچکی ہے۔ اب ینگ اور نیو پالیٹکس چل رہی ہے۔ نوجوانوں کو سیاست میں اپنی قسمت آزمانے کی اپیل کی۔ گزشتہ 10 برسوں میں ملک میں کیا ہوا سب جانتے ہیں۔ سرکاری پالیسیوں پر گہرائی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔