پرانے شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کے تعمیراتی کام شروع کرنے کے وعدے وفا نہ ہوسکے

   

عام انتخابات کی سرگرمیوں کا آغاز، حکومت پر دباؤ کے باوجود کام کو آگے بڑھانے سے قاصر

حیدرآباد۔10مارچ(سیاست نیوز) پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کام شروع نہیں ہوئے لیکن عام انتخابات کی سرگرمیاں شروع ہو گئیں۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ پرانے شہر میں میٹرو راہداری کے کاموں کا اندرون 3تا4 یوم آغاز کردیا جائے گا اور ان کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالا جارہا ہے لیکن تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل کئے گئے اس اعلان کے بعد اب ملک کے عام انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے اور ان کاموں کی شروعات سڑک پر نمبر ڈالنے کی حد تک محدود ہوچکی ہے اور عملی طور پر کوئی کام نظر نہیں آرہے ہیں بلکہ جو کام ہوچکے تھے ان کو ہی یہ کہہ کر دکھا یا جانے لگا ہے کہ کام جاری ہیں۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل راہداری کے سلسلہ میں نومبر کے اوائل میں کئے گئے اعلانات کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جو اعلان کئے گئے تھے ان کے مطابق اسی وقت سڑک کی توسیع کا منصوبہ پیش کرتے ہوئے یہ کہہ دیا گیا تھا کہ جب تک سڑک کی توسیع ممکن نہیں ہوتی اس وقت تک شہر حیدرآباد کے اس تاریخی حصہ میں حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کا آغاز کیا جانا ممکن نہیں ہے لیکن اب جبکہ ملک میں عام انتخابات کا بگل بج چکا ہے تو اب یہ کہا جاتا رہے گا کہ جب تک ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اس وقت تک کس طر ح کام شروع کئے جا سکتے ہیں اور جب انتخابی ضابطہ اخلاق ختم ہوجائے گا اس کے بعد آئندہ 4برسوں تک جوابدہی نہیں ہوتی اسی لئے عوام کی جانب سے اب یہ کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد کے پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کی راہداری کے سلسلہ میں واضح استفسار کیا جائے اور عہدیداروں سے اس بات کی تفصیلات حاصل کی جائیں کہ آیا پرانے شہر کی راہداری کو جوں کا توں رکھا گیا ہے یا پھر اس میں کوئی تبدیلی کا منصوبہ پیش کیا جاچکا ہے ۔حیدرآباد میٹرو ریل حکام کا کہناہے کہ پرانے شہر میں میٹرو راہداری کی تعمیر میں جو رکاوٹیں پیدا کی گئی تھیں ان کو دور کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے لیکن ان اعلانات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے بجٹ کی تخصیص واجرائی درکار ہے اگر حکومت کی جانب سے بجٹ کی تخصیص عمل میں نہیں لائی جاتی تو ایسی صورت میں حیدرآباد میٹرو ریل کس طرح سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد پر جائیدادوں کے حصول کیلئے دباؤ ڈال سکتا ہے اور سڑکوں کی توسیع کے عمل کو کس طرح سے مکمل کیا جائے گا!عہدیداروں کا کہناہے کہ پرانے شہر کی ترقی میں حیدرآباد میٹرو ریل کا کلیدی کردار رہے گا۔