غریب عوام کو آیوروید علاج سے محروم کرنے کی سازش، ہنمنت راؤ کا الزام
حیدرآباد۔یکم اگست (سیاست نیوز) سینئر کانگریسی قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آیورویدک ہاسپٹل چارمینار کی ایرہ گڈہ منتقلی کی مخالفت کی اور کہا کہ حکومت پرانے شہر کے غریب عوام کو آیوروید علاج سے محروم رکھنا چاہتی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے حکومت سے سوال کیا کہ ہاسپٹل کی منتقلی کی وجوہات کیا ہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ہاسپٹل ہے لیکن حکومت عمارت کے مخدوش ہونے کا بہانہ بناکر منتقل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے طلبہ جو ایم بی بی ایس نہیں کرسکتے، وہ یونانی اور آیورویدک کی ڈگری حاصل کرتے ہوئے دیہی علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے پرامن احتجاج کے دوران پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے غیر انسانی رویہ اختیار کیا جس کی مذمت کی جانی چاہئے ۔ طلبہ کے احتجاج کی اطلاع ملنے پر ہنمنت راؤ نے کمشنر آیوش سے ان کے دفتر پہنچ کر ملاقات کی۔ کمشنر نے بتایا کہ ہاسپٹل کی منتقلی کے لئے انہیں احکامات وصول ہوئے ہیں۔ تاہم انہوں نے احکامات کی کاپی حوالے کرنے سے گریز کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر نے عثمانیہ ہاسپٹل کی عمارت مخدوش ہونے کا بہانہ بناکر نئی عمارت کی تعمیر کا اعلان کیا تھا لیکن گزشتہ چار برسوں میں نئی عمارت تعمیر نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آیورویدک ہاسپٹل منتقل کیا جاتا ہے تو کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتیں احتجاج منظم کریں گے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ حکومت ایک طرف فرینڈلی پولیسنگ کا دعویٰ کر رہی ہے تو دوسری طرف طالبات کے ساتھ پولیس عہدیداروں کا رویہ شرمناک ہے۔ انہوں نے طالبات پر پولیس زیادتی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ طالبات سے نمٹنے کیلئے مرد پولیس عہدیداروں کو کیوں متعین کیا گیا ۔ خاتون ملازمین پولیس کے ذریعہ احتجاجیوں سے نمٹا جاسکتا تھا ۔ مرد پولیس عہدیداروں کو اختیار نہیں کہ وہ خواتین کو ہاتھ لگائے۔ انہوں نے اس قدیم اور تاریخی ہاسپٹل کو چارمینار کے علاقہ میں برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ طلبہ کے مکانات اسی علاقہ میں ہیں ، لہذا وہ ہاسپٹل کی دور دراز علاقہ میں منتقلی کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ہاسپٹل کی منتقلی کے بارے میں ہائیکورٹ کے فیصلہ پر ہنمنت راؤ نے حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت کی حلیف جماعت مجلس سے مطالبہ کیا کہ وہ پرانے شہر میں آیوریدک ہاسٹل کی مخالفت ترک کردیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر عوامی رقومات کو ضائع کرتے ہوئے اسمبلی اور سکریٹریٹ کی نئی عمارتیں تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔