اردو میڈیم کے امیدواروں کیلئے اردو کوچنگ سنٹرس قائم کرنے اکبر الدین اویسی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے ملازمتوں کے حصول کی تیاری کرنے والے امیدواروں کے لیے پرانے شہر میں ایک مفت کوچنگ اسٹیڈی سرکل قائم کرنے اور اردو میڈیم طلبہ کے لیے اردو اسٹیڈی کوچنگ سنٹرس قائم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ آج اسمبلی میں پیش کردہ تصرف بل کے مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے اکبر الدین اویسی نے چیف منسٹر کے سی آر کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے چیف منسٹر کے سی آر کی مزید عوامی خدمات کی ضرورت ہے ۔ مجلس کے فلور لیڈر نے کہا کہ محکمہ جات ، پولیس ، طب ، تعلیم کے علاوہ دیگر شعبوں میں 80 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کرنے کا چیف منسٹر نے اعلان کیا ہے ۔ جس کا مجلس خیر مقدم کرتی ہے ۔ وہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملازمتوں کی تیاری کرنے والے امیدواروں کے لیے مفت کوچنگ کا انتظام کریں ۔ ساتھ ہی اردو میڈیم طلبہ کے لیے بھی اردو اسٹیڈی سنٹرس قائم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے علاوہ پرانے شہر میں بھی ایک مفت کوچنگ سنٹر قائم کرنے پر زور دیا ۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ تلنگانہ میں متعارف کی جانے والی فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی اقدامات مثالی ہے جس کی ملک کی دیگر ریاستیں تقلید کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو متحد ہو کر سنہرے تلنگانہ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا چاہئے ۔ ایوان کو باقاعدہ انداز میں چلانے پر اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی اور وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی سے اظہار تشکر کیا ۔۔ ن