پرانے شہر میں برقی نظام اڈانی کے حوالے کرنے کی تردید :چیف منسٹر

   

کے ٹی آر عوام اور ایوان کو گمراہ نہ کریں، میڈیا کی خبروں سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، بھٹی وکرامارکا

حیدرآباد ۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پرانے شہر میں برقی نظام کی ذمہ داری اڈانی کے حوالے کرنے کی تردید کرتے ہوئے اسمبلی اور ریاست کے عوام کو گمراہ کرنے کا بی آر ایس کے رکن اسمبلی کے ٹی آر پر الزام عائد کیا ہے۔ کے ٹی آر نے مرکزی بجٹ میں تلنگانہ سے ہوئی ناانصافی پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے پرانے شہر میں برقی نظام کی ذمہ داری خانگی ادارے اڈانی کے حوالے کرنے کی سخت مخالفت کی۔ چیف منسٹر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں ذمہ دارانہ بات کرنی چاہئے۔ ادارے کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کے قاعدے قانون ہوتے ہیں، نوٹیفکیشن جاری کرنا پڑتا ہے۔ حکومت نے اس طرح کا کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے اور نہ ہی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کا بیان میڈیا میں شائع ہوا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا نے کے ٹی آر کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری طور پر چیف منسٹرنے پرانے شہر میں برقی نظام کو اڈانی کے حوالے کرنے کا کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ اگر میڈیا کی جانب سے اس طرح کی کوئی خبریں شائع ہوئی تو اس کے لئے چیف منسٹر یا حکومت ذمہ دار نہیں ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اگر چیف منسٹر نے کوئی بیان نہیں دیا ہے تو اس کی تردید کیوں نہیں کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ جب اعلان ہی نہیں کیا ہے تو تردید کیوں کی جائے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کا بیان منظر عام پر آنے کے بعد پرانے شہر کے عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ چند دن قبل برقی بلز وصول کرنے کے لئے پہنچنے والے عملہ کو اڈانی گروپ کا عملہ تصور کرتے ہوئے حملہ کیا گیا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے پرانے شہر کے عوام میں پائی جانے والے شکوک و شبہات کو دور کریں اور پرانے شہر کے ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے حکومت کے فیصلے سے انہیں واقف کرائے۔ مجلس کے رکن اسمبلی محمد ماجد حسین نے بھی پرانے شہر میں برقی نظام کی ذمہ داری اڈانی گروپ کے حوالے کرنے کی سخت مخالفت کی۔ 2