پرانے شہر میں بڑے ترقیاتی پراجکٹ کے امکانات موہوم

   

مختلف محکمہ جات سے منصوبوں کے اعلانات ، عملی اقدامات ندارد ، حکومت کا سوتیلا سلوک
حیدرآباد۔22۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے اعلان سے قبل پرانے شہر میں کسی بھی بڑے ترقیاتی پراجکٹ کے سنگ بنیاد کے امکانات موہوم ہوتے جا رہے ہیں کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے پرانے شہر میں کسی بھی ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دینے میںعجلت کا مظاہرہ کرنے کے بجائے پرانے شہر سے متعلق امور کو نظرانداز کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کے مختلف محکمہ جات کی جانب سے پرانے شہر کے مختلف علاقوں کے لئے جن ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا ان میں کسی ایک منصوبہ کا بھی آئندہ انتخابات سے قبل آغاز ہونے کا امکان نہیں ہے۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے موسیٰ ندی پر دو پیدل راہرو برجس کی تعمیر کا اعلان کیا گیاتھا لیکن اس کا سنگ بنیاد تک نہیں رکھا گیا ہے ۔اپل میں وسیع و عریض پیدل راہرو اسٹیل برج تعمیر کئے جاچکے ہیں۔ اسی طرح حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے آئی ٹی ٹاؤر کا اعلان کیا تھا اس کا سنگ بنیاد بھی نہیں رکھا گیا جبکہ سدی پیٹ میں آئی ٹی ٹاؤر کا افتتاح عمل میں لایا جاچکا ہے۔میر عالم تالاب پر حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے کیبل برج کی تعمیر کا اعلان کیا گیاتھا اور اس کا نقشہ بھی تیار ہے ۔ کریم نگر میں گذشتہ یوم ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کیبل برج کا افتتاح انجام دیا ۔ چیف منسٹر نے مہیشورم میں پروگرام کے دوران مہیشورم تک میٹرو ریل کی توسیع کا اعلان کیا اور پٹن چیروو میں پروگرام کے دوران آئندہ انتخابات کے بعد پٹن چیروو تک میٹروریل کو توسیع دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ پرانے شہر میں میٹرو ریل 10 سال پرانے منصوبہ میں شامل ہے لیکن اس کے باوجود اس کا اب تک سنگ بنیاد بھی نہیں رکھا گیا ہے۔ ریاست میں مجوزہ انتخابات سے عین قبل ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی حوالگی ‘ ورم گڈہ ریل اوور برج‘ فلک نما ریل اوور برج کے علاوہ دیگر کاموں کی تکمیل کے امکانات ظاہر کئے جا رہے تھے ۔ اس کے علاوہ کاٹے دھن میں انڈور اسپورٹس کامپلکس کے تعمیری کاموں کو مکمل کرلئے جانے کا امکان تھا۔ شہر حیدرآباد میں نئے ترقیاتی منصوبوں کے متعلق اب تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی چارمینار پیدل راہرو جیسے پراجکٹ کو بھی مکمل نہیں کیا گیا۔ لاڈ بازار میں موجود دکانات کے روبرو تاریخی طرز کی کمانوں کی تنصیب کے منصوبہ کا اعلان کرتے ہوئے چند یوم میں اس پراجکٹ کو مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اس پراجکٹ کو بھی زیر التواء رکھا گیا ہے۔م