پرانے شہر میں بھی اومی کرون مریض ‘ ریاست میں 8 متاثرین

   

پنجہ شاہ سے ایک شخص دواخانہ منتقل ۔ ہنمکنڈہ میں بھی لندن سے آئی خاتون اومی کرون کا شکار
حیدرآباد۔17 ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے متاثرین کی تعداد 8 ہوچکی ہے ۔ جملہ متاثرین جو اومی کرون کا شکار ہیں اور حیدرآباد ائیر پورٹ پہنچے ہیں ان کی جملہ تعداد 9 ہے جس میں ایک 7سالہ لڑکا حیدرآباد سے کولکتہ روانہ ہوچکا ہے اور کولکتہ میں اس کی رپورٹ منفی آچکی ہے ۔ تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ( ٹمس ) میں فی الحال 8 متاثرین قرنطینہ میں ہیں ۔ اب اومی کرون پرانے شہر میں بھی داخل ہوچکا ہے جہاں پنجہ شاہ علاقہ میں ایک شخص کے اس وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسے دواخانہ منتقل کردیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ شخص حال ہی میں دوبئی سے آیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس شخص کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آئی اور اومی کرون کے شبہ پر محکمہ صحت کے عہدیداروںکی ایک ٹیم پنجہ شاہ میں واقع اس کے گھر پہونچی اور اسے فوری ٹمس کو منتقل کردیا گیا ۔ جمعہ کی صبح ورنگل ہنمکنڈہ میں ایک خاتون اومی کرون کا شکار ہونے کی توثیق کے بعد انہیں ٹمس منتقل کیا گیا ہے ۔حیدرآباد ائیر پورٹ پر جن مسافرین کو اومی کرون کی توثیق ہوئی ان میں کینیا سے 3مسافرین ‘ ابو ظہبی سے ایک مسافر‘دبئی سے 2 مسافرین‘ سوڈان سے ایک مسافر‘ برطانیہ سے ایک مسافر کے علاوہ چیک ریپبلک سے پہنچنے والا ایک مسافر شامل ہے۔ ہنمکنڈہ کی جس خاتون کو اومی کرون کی توثیق ہوئی وہ 2ڈسمبر کو لندن سے حیدرآباد پہنچی تھی اور آج صبح سی سی ایم بی نے مطلع کیا کہ خاتون اومی کرون سے متاثر ہیں۔ اطلاع ملتے ہی عہدیداروں نے انہیںحیدرآباد منتقل کردیا اور وہ جہاں مقیم تھیں ان سے رابطہ میں آئے 26 افراد خاندان کا معائنہ کرتے ہوئے انہیں گھریلو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ متاثرہ خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ حیدرآباد پہنچی تھی لیکن شوہر کا معائنہ منفی آیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے ٹولی چوکی میں معائنوں میں بھی اومی کرون سے ایک شخص متاثر پایا گیا ہے لیکن اس کی تاحال توثیق نہیں ہوئی ۔حیدرآباد کے بعد ورنگل دوسرا ضلع ہے جہاں اومی کرون کے مریض کی نشاندہی ہوئی ہے۔م