2018 سے 2019 تک اجرائی کے بعد دیڑھ سال قبل وظائف روک دئے گئے
حیدرآباد۔14 ستمبر ۔(سیاست نیوز) ریاست میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے آسرا وظائف کے سلسلہ میں کئی اعلانات کئے جارہے ہیں اور نئی درخواستیں طلب کرتے ہوئے وظیفہ یابان کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور وظیفہ پیرانہ سالی کی حد عمر میں کمی کے ذریعہ استفادہ کنندگان کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن ریاستی حکومت کی اس اسکیم کی حالت پرانے شہر میں کیا ہے اس کا بھی جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ پرانے شہر کے بیشتر منڈلوں بالخصوص چارمینار ‘ بہادر پورہ اور بندلہ گوڑہ منڈل میں سینکڑوں ایسے وظیفہ یابان موجود ہیں جن کے وظیفے منظور ہوئے تھے جاری ہوئے تھے تاہم دیڑھ برس قبل کوئی وجہ بتائے بغیر انہیں روک دیا گیا اور کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے دوران انہیں ماہانہ بطور وظیفہ حاصل ہونے والی یہ رقم نہ ملنے کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ چارمینار منڈل میں 2018 میں جن درخواست گذاروں کو وظائف کی منظوری عمل میں لائی گئی تھی اور انہیں 2019 کے وسط تک رقومات جاری کی جاتی رہی ہیں لیکن اس کے بعد تکنیکی خرابی کے نام پر ان کے وظائف کو روک دیا گیا اور اب تک بھی ان کے وظائف جاری نہیں کئے گئے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چارمینار منڈل میں کی گئی کاروائیوں کے بعد کچھ مسائل کے سبب وظائف کی اجرائی روک دی گئی تھی اور وظائف حاصل کرنے والوں کی از سر نو جانچ اور ان کی تنقیح کے اقدامات کئے گئے اور تمام تفصیلات حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ عہدیداروں کو رپورٹ روانہ کردی گئی ہے اس کے باوجود عہدیداروں کی جانب سے اب تک وظائف کی اجرائی کی سلسلہ میں کوئی احکام جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چارمینار منڈل میں زائد از 300ایسے وظیفہ یابان ہیں جن کے وظائف کی اجرائی وسط 2019 سے عمل میں نہیں لائی گئی ہے اور دریافت کرنے پر کہا جا رہاہے کہ جب ضلع انتظامیہ کی جانب سے احکامات جاری کئے جائیں گے اس وقت ہی ان کے وظائف کو بحال کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح بہارد پورہ منڈل کے علاوہ بندلہ گوڑہ منڈل میں بھی درخواست گذاروں کو وظائف کی منظوری کے باوجود ان کی اجرائی میں پس وپیش کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ ان کی از سر نو تنقیح کے بعد ہی اجرائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ بعض عہدیداروں نے بتایا کہ جن درخواست گذارو ںکی از سر نو تنقیح کی جانی تھی وہ مکمل کی جاچکی ہے لیکن اس کے باوجود اب تک وظائف کی اجرائی کے سلسلہ میں احکامات جاری نہیں کئے گئے ہیں۔M