پرانے شہر میں غیر معلنہ برقی کٹوتی کا سلسلہ جاری ‘ حکام لا پرواہ

   

حیدرآباد 10 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہی کے دعوے تو کرتی ہے لیکن یہاں غیر معلنہ کٹوتی معمول ہے اور اس پر کوئی توجہ نہیں دیتاجس کی وجہ سے دن کے اوقات کے علاوہ رات دیر گئے بھی برقی منقطع ہونے لگی ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ اہم مرکزی علاقوں میں برقی کٹوتی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اور محکمہ برقی کو پرانے شہر سے کوئی دلچسپی نہیں اسی لئے وہ برقی منقطع ہونے کے باوجود مسئلہ کو نظر انداز کرتے ہیں۔ شاہ علی بنڈہ‘ قاضی پورہ‘ خلوت ‘ فلک نما ‘ مصری گنج و دیگر علاقوں میں رات دیر گئے زائد از 2گھنٹے برقی سربراہی منقطع رہی لیکن سربراہی بحال کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور عہدیدارفون پر دستیاب نہیں ہیں۔ ایسی صوررتحال چادرگھاٹ‘ کالی قبر‘ عثمان پورہ کی رہی جہاں صبح کی اولین ساعتوں میںبرقی منقطع ہونے کی شکایات ہیں جس کے سبب عوام کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں شہروں کے اقلیتی علاقوں میں برقی منقطع کئے جانے کی شکایت ہر موسم گرما میں ہوا کرتی تھی لیکن اب یہ معمول بنتا جا رہا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ حکومت کی جانب سے محکمہ برقی کو اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ تمام علاقوں میں 24 گھنٹے معیاری برقی کی سربراہی کو یقینی بنائے لیکن اقلیتی آبادی والے علاقو ںکی صورتحال ابتر ہے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔