حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( راست ) سکریٹری تلنگانہ کانگریس کمیٹی سید یوسف ہاشمی نے کہا کہ پرانے شہر میں وبائی امراض ڈینگو ، ملیریا، وائرل بخار اور ٹائیفائیڈ سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ لوگ پریشان ہیں، دواخانوں سے مریضوں کی کثیر تعداد رجوع ہورہی ہے۔ دواخانوں میں مریضوں کو گھنٹوں اپنی باری کے انتظار میں کھڑے ہونا پڑ رہا ہے لیکن دواخانوں میں علاج کا مناسب انتظام نہیں ہے۔ اپنے ایک بیان میں سید یوسف ہاشمی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دواخانوں کے اوقات میں اضافہ کریں اور طبی جانچ و تشخیص کے مناسب انتظامات کئے جائیں اور کمشنر جی ایچ ایم سی پرانے شہر کا دورہ کرتے ہوئے صاف صفائی کا جائزہ لیں۔ پرانا پل ، پٹلہ برج پر مہینوں سے کچرا اور ملبہ پڑا ہوا ہے بلدیہ کا عملہ دیکھ کر بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ پرانے شہر کے دیگر محلہ جات میں بھی کچرے کی نکاسی نہیں ہونے کی وجہ سے مچھروں کی پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے۔ یوسف ہاشمی نے میونسپل منسٹر اور کمشنر بلدیہ سے پرانے شہر کے تمام گلی کوچوں میں مچھر کش ادویہ کا چھڑکاؤ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔