پرانے شہر میں میٹرو ریل کاموں میں تیزی

   

85 فیصد حصول جائیدادوں کا کام مکمل ، مابقی جائیدادوں کے حصول کی مساعی
حیدرآباد۔29 جنوری(سیاست نیوز) پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کامو ںمیں تیزی پیدا ہونے لگی ہے اور دارالشفاء تا فلک نما بلکہ چندرائن گٹہ راہداری پر موجود جن جائیدادوں کو حاصل کرنا ہے ان میں 85 فیصد متاثر ہونے والی جائیدادوں کو حاصل کرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی اس زیر التواء راہداری کے کاموں کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے تحت متاثر ہونے والی جائیدادوں کے حصول کے سلسلہ میں بتایا جارہا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل نے 85 فیصد جائیدادوں کے حصول کو مکمل کرتے ہوئے ان میں بیشتر جائیدادوں کے انہدام کو بھی یقینی بنا دیا ہے اور اس اعتبار سے اس راہداری پر سڑک کی توسیع کے کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق جملہ جائیدادوں میں 752 جائیدادوں کو حاصل کرنے کے لئے ان کے معاوضہ کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے جبکہ 136جائیدادوں کے حصول کے سلسلہ میں اقدمات جاری ہیں علاوہ ازیں اس راہداری پر جملہ10ایسی جائیدادیں ہیں جن سے متعلق مقدمات عدالت میں زیر دوراں ہیں۔حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں کا کہناہے کہ اس راہداری پر موجود تاریخی و تہذیبی عمارتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن میٹرو ریل کے اس منصوبہ سے آگہی کے بعد راہداری پر موجود بعض جائیدادوں کے مالکین کی جانب سے ان کی اپنی جائیدادوںکو تاریخی عمارت قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے محض ان جائیدادوں کو تاریخی عمارت کے طور پر قبول کیا جار ہاہے جن عمارتوں کا محفوظ عمارتوں کی فہرست میں اندراج موجود ہے۔ذرائع کے مطابق حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں نے ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل پرانے شہر کی اس راہداری پر جن جائیدادوں کو حاصل کیا جانا ہے ان جائیدادوں کے انہدام کے عمل کو مکمل کرنے کے لئے آئندہ دو یوم میں اقدامات کو تیز کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں کیونکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران اس راہداری پر ٹریفک میں اضافہ ہوتا ہے اسی لئے کاموں کو روکنا پڑسکتا ہے۔3