پرانے شہر کی ترقی اور میٹرو ٹرین پراجکٹ پر عمل آوری میں حکومت سنجیدہ : وینکٹ ریڈی

   

قدیم ڈیزائن کے مطابق عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر، بی آر ایس عوامی اعتماد سے محروم
حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کُل جماعتی قائدین کے فیصلہ کے مطابق قدیم ڈیزائن کے ساتھ عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج بونال کے موقع پر چارمینار اور ہری باؤلی پہنچ کر مندروں میں خصوصی پوجا کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ موسی ندی کو خوبصورت بنانے اور اطراف کے علاقوں کی ترقی کا وسیع تر منصوبہ ہے۔ حکومت نے بجٹ میں 1500 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے میٹرو ٹرین پراجکٹ پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے پرانے شہر میں میٹرو ٹرین پراجکٹ پر توجہ نہیں دی جبکہ کانگریس حکومت نے آئندہ چار برسوں میں پراجکٹ کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ حیدرآباد کی جامع ترقی کیلئے بجٹ میں بھاری رقم مختص کی گئی ہے۔ میڈی گڈہ بیاریج کی ناقص تعمیرات کیلئے سابق حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر بیاریج کے نقصانات کیلئے موجودہ حکومت کو ذمہ دار قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بیشتر نشستوں پر ڈپازٹ سے محروم بی آر ایس پارٹی کے بارے میں جتنا کم کہا جائے اتنا بہتر رہے گا کیونکہ وہ عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے۔ انہوں نے پرانے شہر کی عوام کو تیقن دیا کہ جلد ہی ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اور دیگر وباؤں سے تلنگانہ عوام کے بچاؤ کیلئے انہوں نے دعا کی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ گذشتہ سال بارش کی کمی کے نتیجہ میں کسانوں کو بھاری نقصان ہوا تھا اس بار مانسون تلنگانہ میں زرعی شعبہ کیلئے خوشحالی کا باعث بنے گا۔1