پرانے شہرحیدرآباد میں پسماندگی کیلئے مجلس اور بی جے پی ذمہ دارسی پی آئی کی بی جے پی ہٹاؤ ، دیش بچاؤ مہم

   

حیدرآباد۔/23 اپریل، ( سیاست نیوز) بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ پروگرام کے تحت سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹریٹ کے رکن ای ٹی نرسمہا کی قیادت میں سٹی سکریٹری ایس چھایا دیوی، اسٹیٹ کونسل رکن بی وینکٹیشم، اسسٹنٹ سکریٹریز کے یادگیری، بی اسٹالن اور دیگر قائدین نے چارمینار اسمبلی حلقہ کے پرانا پل علاقہ میں ریلی اور پدیاترا کا اہتمام کیا۔ بی جے پی حکومت کی فرقہ پرست پالیسی کے خلاف عوام میں شعور بیداری کیلئے ملک بھر میں مہم چلائی جارہی ہے۔ ای ٹی نرسمہا نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد میں بی جے پی اور مجلس دونوں کو عوامی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور فرقہ وارانہ سیاست پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فرقہ پرست طاقتوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ای ٹی نرسمہا نے کہا کہ پرانے شہر کی پسماندگی کیلئے مجلس اور بے جے پی ذمہ دار ہیں۔ سیاسی مقصد براری کیلئے عوام کو مذہب کے نام پر تقسیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی حکومت کے زوال کے ذریعہ سیکولرازم اور جمہوریت کا تحفظ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں مجلس اور بی جے پی کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ پرانے شہر میں 90 فیصد عوام پسماندہ ہیں اور علاقے بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ پرانے شہر کے بلدی مسائل کے حل میں دلچسپی لینے کے بجائے بی جے پی اور مجلس فرقہ وارنہ خطوط پر عوام کو منقسم کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ر