پراپرٹی ٹیکس میں رعایت اور متاثرین کو امداد ٹی آر ایس کا انتخابی حربہ

   

کانگریس پارٹی کا الزام ، پولیس اور ہیلت ورکرس کی تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے حکومت کی جانب سے شہری علاقوں میں پراپرٹی ٹیکس میں 50 فیصد کی معافی کو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات سے جوڑتے ہوئے اسے انتخابی حربہ قرار دیا ۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسکیم کے اعلان کے وقت پر سوال اٹھایا اور حکومت سے جاننا چاہا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران جبکہ کورونا وباء کے سبب عوام پریشان تھے ، اس وقت اس رعایت کا اعلان کیوں نہیں کیا گیا ۔ اب جبکہ جی ایچ ایم سی انتخابات کا اعلامیہ جاری ہونا باقی ہے، حکومت نے شہریوں کو 50 فیصد رعایت کے ذریعہ ٹی آر ایس کے حق میں ہموار کرنے کی کوشش کی ہے۔ شراون نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس میں معافی کے علاوہ غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کے آغاز اور صفائی کرمچاریوں کی تنخواہوں میں اضافہ جیسے اعلانات انتخابات کے پیش نظر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے عین قبل ایسے اعلانات کا عوام کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوگا اور انتخابات میں عوام ٹی آر ایس کی چال بازیوں کا شکار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے شہریان حیدرآباد سے اپیل کی کہ وہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو سبق سکھاتے ہوئے گزشتہ 6 برسوں کے دوران عدم کارکردگی کا بدلہ لیں۔ انہوں نے کے ٹی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابات سے قبل ایل آر ایس اسکیم کو واپس لے لیں۔ عوام نے اپنی محنت کی کمائی سے اراضیات کو خریدا ہے اور حکومت ایل آر کے نام پر بھاری فیس وصول کرنا چاہتی ہے۔ یہ اسکیم عوام پر بوجھ ثابت ہوگی ، لہذا بلدی انتخابات سے قبل اسکیم سے دستبرداری اختیار کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پراپرٹی ٹیکس میں رعایت صرف شہری علاقوں تک محدود کردی ہے کیونکہ حیدرآباد کے علاوہ ورنگل اور کھمم میں بلدی انتخابات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محض صفائی عملہ کی تنخواہوں میں اضافہ کے بجائے حکومت کو پولیس اور ہیلت ورکرس کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کرنا چاہئے جنہوں نے کورونا وباء کے دوران اہم رول ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران بلدیہ کے صفائی عملہ کے ساتھ سرکاری دواخانوں کے ڈاکٹرس نیم طبی عملہ اور ہیلت ورکرس نے دن رات محنت کرتے ہوئے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کی ۔ حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ بلدیہ کے صفائی عملہ کے ساتھ ساتھ ہیلت ورکرس اور ڈاکٹرس کا بھی خیال کرتی ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات کے پیش نظر ہزاروں صفائی عملے اور ان کے افراد خاندان کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے حکومت نے تنخواہوں میں 3 ہزار روپئے کا اضافہ کیا ۔