لزبن۔ 18اکتوبر (یو این آئی) پرتگال کی پارلیمنٹ نے انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے پیش کردہ چہرے کے نقاب پر پابندی کے بل کی منظوری دے دی۔ پرتگال نے زیادہ تر عوامی مقامات پر ’’جنسی یا مذہبی مقاصد‘‘کیلئے استعمال ہونے والے چہرے کے نقاب پر پابندی کے بل کی منظوری دے دی ہے جس کی تجویز انتہائی دائیں بازو کی چیگا پارٹی نے پیش کی تھی۔ اس بل میں مسلمان خواتین کے پہننے والے برقعوں اور چہرے کے نقاب کو نشانہ بنایا گیا۔ جمعہ کو پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے اس بل کے تحت، عوام میں چہرے کا نقاب پہننے پر مجوزہ جرمانے 200 سے 4,000 یورو $234-$4,670) )تک ہوں گے ۔ کسی کو زبردستی پہنانے یا مجبور کرنے پر تین سال تک قید کی سزا ہو گی۔ البتہ ہوائی جہازوں، سفارتی احاطوں اور عبادت گاہوں میں چہرے کے پردے کی اجازت ہوگی۔
