مانکیم ٹیگور تقریباً 120 قائدین کی رائے لینے کے بعد دہلی واپس ہوگئے
حیدرآباد۔ تلنگانہ کانگریس کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے مشاورت کا عمل مکمل ہوگیا ۔ آج مزید 25 قائدین سے تبادلہ خیال کے بعد تلنگانہ انچارج مانکیم ٹیگور شام 5 بجے دہلی کیلئے روانہ ہوگئے۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس کے مایوس کن مظاہرہ کی ذمہ داری قبول کرکے اتم کمار ریڈی نے پردیش صدارت سے استعفی دے دیا تھا جس کے بعد مانکیم ٹیگورنے نئے صدر کے انتخاب کیلئے سینئر قائدین، ضلعی صدور ، سابق ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ ، سابق وزراء، یوتھ کانگریس ، مہیلا کانگریس کے علاوہ محاذی تنظیموں کے صدور کی رائے حاصل کی۔ آج دہلی واپسی سے قبل انہوں نے موجودہ ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ دیگرسے مشاورت کی ۔ ٹیگور نے چار دن میں تقریباً 120 قائدین سے تبادلہ کیا ۔ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال، بی جے پی کے استحکام اور آئندہ انتخابات میں کانگریس کو مضبوط قیادت فراہم کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ قائدین نے موجودہ ایم پیز کو مٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، اے ریونت ریڈی، سابق ایم پی مدھو گوڑ یشکی، جانا ریڈی، محمد علی شبیر، رکن اسمبلی جگاریڈی کے ناموں کو ترجیح دینے کی پیش قیاسی کی ۔ یہ بھی پتہ چلاکہ چند قائدین نے میڈیا کے سامنے ایک نام پیش کیا ہے اور مانکیم ٹیگور کے سامنے دوسرا نام پیش کیا ہے۔ چند قائدین خود کو بھی دعویدار کے طور پر پیش کررہے ہیں، چند قائدین نے دوسرے قائدین پر میڈیا اور سوشیل میڈیا میں اپنے نام کی جھوٹی تشہیر کرنے کی بھی ٹیگور سے شکایت کی۔ چند قائدین نے حال میں پارٹی میں شامل ہونے والوں کے بجائے برسوں سے سرگرم قائدین کو صدارت سونپنے کا مطالبہ کیا۔ مانکیم ٹیگور نے کانگریس قائدین کو بتایا کہ وہ پارٹی قائدین کی اکثریتی رائے کو پارٹی قیادت سونیا گاندھی کے سامنے پیش کریں گے ان کا فیصلہ کی قطعی ہوگا۔