پردیش کانگریس کے نئے صدر کیلئے قائدین سے مشاورت کا عمل مکمل

   


مانکیم ٹیگور کی آج دہلی واپسی،اقلیتی قائدین نے محمد علی شبیر کا نام پیش کیا
حیدرآباد: تلنگانہ کے نئے پی سی سی صدر کے انتخاب کے لئے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے آج پارٹی قائدین کے ساتھ مشاورت کا عمل مکمل کرلیا۔ گزشتہ تین دن سے مانکیم ٹیگور پردیش کانگریس کے عہدیداروں کے علاوہ ضلع کانگریس صدور اور سینئر قائدین سے مشاورت میں مصروف تھے۔ گاندھی بھون میں آج پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹریز ، سابق مرکزی و ریاستی وزراء ، ضلع کانگریس صدور اور محاذی تنظیموں کے صدورنشین سے فرداً فرداً مشاورت کرتے ہوئے نئے صدر کے بارے میں رائے حاصل کی گئی۔ مانکیم ٹیگور کے ہمراہ اے آئی سی سی سکریٹریز سرینواسن اور بوس راجو موجود تھے۔ پہلے اور دوسرے دن سینئر قائدین سے ملاقات کے دوران مانکیم ٹیگور نے کسی سکریٹری کو ساتھ نہیں رکھا اور ہر ایک سے انفرادی طور پر بات چیت کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مانکیم ٹیگور ہفتہ کی صبح نئے دہلی واپس ہوجائیں گے۔ وہ ہائی کمان کو مشاورت پر مبنی رپورٹ پیش کریں گے جس کی بنیاد پر بہت جلد نئے صدر کے نام کا اعلان کردیا جائے گا ۔ تین روزہ مشاورت کے دوران پارٹی کے کئی قائدین نے صدارت کے لئے اپنی دعویداری پیش کردی۔ بی سی اور ایس سی طبقات سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین اس عہدہ کی دوڑ میں ہیں جبکہ ریڈی ،برہمن اور مسلم طبقات سے بھی بعض ناموںکی سفارش کی گئی ہے۔ کانگریس کے نائب صدر ظفر جاوید اور جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین نے پردیش کانگریس کے صدر کے لئے سابق وزیر محمد علی شبیر کا نام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کی آبادی 14 فیصد سے زائد ہے اور محمد علی شبیر نے کانگریس دور حکومت میں 4 فیصد تحفظات کی فراہمی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ لاکھوں مسلم طلبہ کو تحفظات سے فائدہ ہوا۔ ان قائدین نے کہا کہ جب بی سی ، ریڈی ، ایس سی طبقات دعویداری پیش کرسکتے ہیں تو پھر مسلم قائد کا نام زیر غور کیوں نہیں آسکتا ۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدہ کیلئے پیش کردہ ناموں کی اکثریت کو دیکھتے ہوئے مانکیم ٹیگور نے ضلع کانگریس صدور کی رائے کی بنیاد پر چند نام پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ تلنگانہ کے نئے صدر کے نام کا اعلان کردیا جائے گا ۔