پردیش کانگریس کے نئے صدر کیلئے مشاورت مکمل،15 اگسٹ کے بعد باقاعدہ اعلان

   

حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر کے انتخاب کے سلسلہ میں ہائی کمان نے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں نئے پی سی سی صدر کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔ پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے بی سی، ایس سی اور ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے سینئر قائدین نے اپنی دعویداری پیش کرتے ہوئے ہائی کمان کی الجھن میں اضافہ کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی سینئر قائدین نئی دہلی میں قیام کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان پر دباؤ بنارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر ریڈی طبقہ کی نمائندگی کا حوالہ دیتے ہوئے پردیش کانگریس کی صدارت پر کمزور طبقات کو موقع دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائد کو موقع دینے کا من بنالیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حال ہی میں پارٹی ہائی کمان کو پردیش کانگریس کی صدارت کے بارے میں اپنے موقف سے واقف کرایا تھا۔ ایس ٹی میں لمباڑہ کاسٹ سے تعلق رکھنے والے محبوب آباد کے رکن پارلیمنٹ بلرام نائیک کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تائید حاصل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے بلرام نائیک یا ریاستی وزیر سیتکا میں کسی ایک کے انتخاب کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر کا کہنا ہے کہ حکومت اور پارٹی میں بہتر تال میل کیلئے بااعتماد شخص کا پی سی سی کی صدارت پر فائز رہنا ضروری ہے۔ چیف منسٹر اگسٹ کے پہلے ہفتہ میں امریکہ اور جنوبی کوریا کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں۔ وہ 14 اگسٹ تک وطن واپس ہوں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ چیف منسٹر کی بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد نئے پی سی سی صدر کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ بی سی زمرہ میں مہیش کمار گوڑ اہم دعویدار ہیں۔ واضح رہے کہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں ریونت ریڈی کی پی سی سی صدر کی حیثیت سے تین سالہ میعاد مکمل ہوچکی ہے۔1