مانکیم ٹیگور کی آمد ، کور کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد : تلنگانہ میں پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے کانگریس ہائی کمان نے سینئر قائدین سے مشاورت کا عمل شروع کردیا ہے۔ انچارج جنرل سکریٹری اے آئی سی سی مانکیم ٹیگور ایم پی آج شام حیدرآباد پہنچے اور گاندھی بھون میں کور کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں اتم کمار ریڈی ، جانا ریڈی ، ریونت ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، بھٹی وکرمارکا ، محمد علی شبیر ، جگا ریڈی ، سیتکا ، سریدھر بابو ، دامودھر راج نرسمہا ، وی ہنمنت راؤ ، مدھو یاشکی گوڑ ، پونالہ لکشمیا ، ومشی چند ریڈی ، ڈاکٹر جی چنا ریڈی ، کسم کمار ، جیون ریڈی ، پونم پربھاکر ، سمپت کمار اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ مانکیم ٹیگور نے تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام اور 2023 ء میں اقتدار میں واپسی کیلئے قائدین کو متحدہ طورپر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمان جس کسی کو پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز کرے ، تمام قائدین کو تعاون کرنا چاہئے ۔ کور کمیٹی اجلاس میں نئے صدر کے بارے میں قائدین کی رائے حاصل کی گئی ۔ کئی قائدین نے بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائد کو صدارت سونپنے کا مشورہ دیا جبکہ بعض دیگر قائدین کی رائے تھی کہ صدارت کیلئے عوامی مقبولیت اور اہلیت کو ترجیح دی جائے۔ کے سی آر سے مقابلہ کیلئے پارٹی کو حرکیاتی قیادت کی ضرورت ہے۔ اسی دوران اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گریٹر انتخابات میں پارٹی کی شکست کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انہوں نے استعفیٰ پیش کردیا ہے ۔ مانکیم ٹیگور نے میڈیا کو بتایا کہ اتم کمار ریڈی نے دیگر قائدین کیلئے مثال قائم کی ہے۔ نئے صدر کے انتخاب کیلئے تمام قائدین سے رائے حاصل کی جائے گی اور ہائی کمان کو رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ ہائی کمان نئے صدر کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔ مانکیم ٹیگور جمعرات کے دن پارٹی کے نائب صدور اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور سینئر قائدین سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر انفرادی رائے حاصل کریں گے۔