پرشانت کشور نے گاندھی آشرم میں رکھا مون اپواس

   

پٹنہ، 20 نومبر (یواین آئی) تین برسوں کی انتھک عوامی یاترا اور مسلسل سیاسی کوششوں کے باوجود بھی بہار کی عوام کے درمیان اپنی بات ٹھوس طور پر نہ پہنچا پانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے جن سوراج کے بانی پرشانت کشورنے جمعرات کو مغربی چمپارن ضلع کے بھتہروا میں واقع تاریخی گاندھی آشرم میں ایک دن کا ’مون اپواس‘ رکھا ہے ۔ یہ اپواس ان کی خود احتسابی اور عوامی جدوجہد کو نئے سرے سے شروع کرنے کے عزم کی علامت سمجھا جا رہا ہے ۔ صبح سے ہی بھیتہروا گاندھی آشرم میں جن سوراج کے کارکنوں اور مقامی لوگوں کی بھیڑ جمع ہونے لگی۔ پرشانت کشور نے پرسکون اور منظم ماحول میں اپنے مون اپواس کا آغاز کیا۔ ان کا پیغام واضح تھا کہ عوام تک نہ پہنچ پانے کی کمی قبول کرنا اور مستقبل کی راہ نئے عزم و ارادے کے ساتھ طے کرنا ضروری ہے ۔ اس سلسلے میں جن سوراج کے صوبائی صدر منوج بھارتی نے کہا ہے کہ تین سال پہلے ہم نے جو سفر شروع کیا تھا، اس میں امید کے مطابق کامیابی نہیں ملی۔ آج پرشانت کشور کے اپواس کا مقصد صرف خود احتسابی نہیں بلکہ نئی شروعات کا عزم بھی ہے ۔