پرنسیس زیرین نے مکرم جاہ کی دختر ہونے کا دعویٰ کیا

   

ڈی این اے رپورٹ بے بنیاد، دستاویزات کی اجرائی
حیدرآباد ۔18۔ اگست (سیاست نیوز) پرنسیس زیرین مکرم جاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ آصف ثامن نواب مکرم جاہ بہادر کی حقیقی دختر ہیں۔ قانونی مشیران محمد رفیع الدین اور عاشر خاں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پرنسیس زیرین مکرم جاہ نے ان کے خلاف الزامات کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے میڈیا کے روبرو مختلف دستاویزات پیش کئے جس میں میریج سرٹیفکٹ اور برتھ سرٹیفکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے مکرم جاہ کی دختر ہونے کی تصدیق سے متعلق ڈی این اے رپورٹ کو غلط اور تحریف شدہ قرار دیا ۔ حال ہی میں نظام اور ان کے افراد خاندان کی جانب سے پبلک نوٹس جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ پرنسیس زیرین مکرم جاہ آصف ثامن کی دختر نہیں ہیں۔ اس سلسلہ میں آسٹریلیا پرتھ میں حاصل کی گئی ڈی این اے رپورٹ کا حوالہ دیا گیا ۔ پرنسیس زیرین نے دعویٰ کیا کہ پرنس مکرم جاہ بہادر اور جمیلہ بولاراس کے درمیان 8 ستمبر 1993 ء کو شادی ہوئی اور 6 جولائی 1994 ء کو پرنسیس زیرین کا جنم ہوا۔ انہوں نے ڈی این اے ٹسٹ کی رپورٹ کو غلط اور تحریف شدہ قرار دیا اور کہا کہ مذکورہ ٹسٹ کو نیشنل اسوسی ایشن آف ٹسٹنگ اتھاریٹیز آسٹریلیا کی منظوری حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بعض گوشوں کی جانب سے پھیلائی جارہی گمراہ کن اطلاعات پر بھروسہ نہ کریں۔ پرنسیس جمیلہ بولاراس اور پرنسیس زیرین مکرم جاہ نے اپنے دعویٰ کے حق میں دستاویزی ثبوت پیش کیا۔