حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گروپ 2 کی امیدوار خودکشی کرنے والی طالبہ پروالیکا کی ماں اور بھائی نے پرگتی بھون پہنچ کر ریاستی وزیر کے ٹی آر سے ملاقات کی اور اپنی دختر کی موت کے ذمہ دار شیورام کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ کے ٹی آر نے متاثرہ خاندان کو تعزیت پیش کرتے ہوئے خاندان سے مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا۔ ڈی جی پی سے بات چیت کرکے خودکشی کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے خاطی کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کرنے کا تیقن دیا، پروالیکا کے بھائی کو ملازمت دلانے کا بھروسہ دلایا جس پر پروالیکا کے ارکان خاندان نے کے ٹی آر سے اظہار تشکرکیا۔ قبل ازیں کریم نگر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے طالبہ پروالیکا کی موت کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ سیاسی مفاد پرستی کیلئے اپوزیشن کو نعشوں کی سیاست کرنا زیب نہیں دیتا۔ پروالیکا کی فیملی کہہ رہی ہے کہ ان کی دختر کی موت کا سیاسی فائدہ اٹھایا نہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پروالیکا کے والدین کو یقین دلاتے ہیں کہ خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ن