پروفیسر جئے شنکر اور کالوجی نارائن راؤ کو چیف منسٹر کا خراج

   


حیدرآباد: علحدہ تلنگانہ کے نظریہ ساز پروفیسر جئے شنکر کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور پارٹی کے دیگر قائدین نے خراج عقیدت پیش کیا۔ پروفیسر جئے شنکر کی برسی کے موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی حکمرانی کا خواب دیکھنے والے ایک دانشور اور علحدہ ریاست کے نظریہ ساز کو ہم خراج پیش کرتے ہیں۔ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران پروفیسر جئے شنکر نے علحدہ ریاست کے قیام کے فلسفہ کو فروغ دینے کیلئے اپنی ساری زندگی وقف کردی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت پروفیسر جئے شنکر کے نظریہ پر عمل پیرا ہے اور ان کی امنگوں کے عین مطابق پسماندہ طبقات خود مکتفی ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ ہر شعبہ کی ترقی کے معاملہ میں ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ مسابقت کرتے ہوئے پروفیسر جئے شنکر کو بھرپور خراج پیش کر رہی ہے۔ ورنگل دورہ کے موقع پر چیف منسٹر نے ہنمکنڈہ کے ایک پارک میں قائم پروفیسر جئے شنکر کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے۔ انہوں نے علحدہ تلنگانہ کے کٹر حامی اور انقلابی شاعر و ادیب کالوجی نارائن راؤ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔