پروفیسر سید فضل اللہ مکرم ‘ صدر شعبہ اردو یونیورسٹی آف حیدرآباد مقرر

   

حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری ( راست) ۔ اردو کے ادبی حلقوں میں یہ خبر انتہائی مسرت کے ساتھ پڑھی جاے گی کہ وائس چانسلر سنٹرل یونیورسٹی آف حیدرآباد پروفیسر پی ۔ اپا راؤنے پروفیسر سید فضل اللہ مکرم کو بحیثیت صدر شعبہ اردو یونیورسٹی آف حیدرآباد تین سالہ میعاد کے لیے تقرر کیا ہے۔انہوںنے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور 28 جنوری 2020 کو اپنے نئے عہدے کا جائزہ حاصل کیا ہے اس سے قبل وہ چیرپرسن اورینٹل اردو جامعہ عثمانیہ بھی رہ چکے ہیں نیز اورینٹل اردو پی جی کالج اور ریسرچ سنٹر میں وہ ایسو سی ایٹ پروفیسرکی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ان کی اب تک آٹھ کتابیں شائع ہوچکی ہیں اس کے علاوہ کئی ایک تحقیقی و تنقیدی مضامین ملک و بیرون ملک کے مختلف جرائد میں شائع ہوچکے ہیں نیز تلنگانہ مائناریٹیز ریزیڈینشل اسکول میں اردو کی نصابی کتاب ششم تا دہم ‘ بورڈ آف انٹر میڈیٹ تلنگانہ کے سال اول اور دوم کی اردو کتابوں کے بھی چیف ایڈیٹر رہ چکے ہیں ۔ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کی انڈرگرائجویٹ کی پانچ کتابیں ان ہی کی ادارت میں شائع ہوچکی ہیں۔مختلف جامعات کی فاصلاتی تعلیم کے لیے وہ پچاس سے زائد اسباق تحریر کرچکے ہیں۔اردو کی ادبی ویب سائٹ ’’جہانِ اردو ڈاٹ کوم‘‘ کے وہ اعزازی مدیر بھی ہیں۔کئی ایک نیشنل اور انٹر نیشنل سمینارز میں وہ کلیدی خطبہ کے علاوہ اپنے ریسرچ پیپرز پیش کرچکے ہیں ۔پروفیسر فضل اللہ کا تعلق ایک علمی گھرانے سے ہے۔آپ کے دادا جناب سید محبوب (جگتیال) اور نانا جناب محمد حنیف (کورٹلہ)سرکاری مدرسہ میں ٹیچر تھے جب کہ ان کے والد جناب سید سمیع اللہ لیکچررگورنمنٹ ڈگری کالج جگتیال اور خسر جناب محمد خلیل الرحمٰن ( ملک پیٹ قدیم) اسسٹنٹ کنٹرولر محکمہ اوزان و پیمانہ جات کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔