پروفیسر کودنڈارام کو حکومت کا مشیراعلیٰ نامزد کرنے کا امکان

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ تحریک میں ناقابل فراموش رول، انتخابات میں کانگریس کی بھرپور تائید کا انعام

حیدرآباد ۔ 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تحریک کے ہیرو ٹی جے ایس کے سربراہ پروفیسر کودنڈارام کو کانگریس حکومت میں اہم عہدہ ملنے کا امکان ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ انہیں حکومت کے مشیراعلیٰ کے عہدہ پر فائز کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ پروفیسر کودنڈارام اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں۔ چیف منسٹر عوامی حکمرانی کی انجام دہی میں پروفیسر کودنڈارام کی خدمات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انتخابات سے قبل دونوں قائدین کئی موضوعات پر تبادلہ خیال کرچکے تھے۔ ریونت ریڈی نے ان کی جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ کودنڈارام نے بی آر ایس حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے معاملے میں کانگریس کا بھرپور تعاون کیا۔ نتائج کے بعد سکریٹریٹ کے ایمپلائز کے ساتھ مل کر جشن منایا اور ساتھ ہی سرکاری ایمپلائز کو تیقن دیا کہ وہ ایمپلائز اور حکومت کے درمیان مسائل کی یکسوئی کیلئے پل کی طرح کام کریں گے۔ کانگریس کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی چند دانشوروں کو اہم ذمہ داریاں سونپتے ہوئے ان کی خدمات سے استفادہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں، جس میں پروفیسر کودنڈارام کو حکومت کا مشیراعلیٰ بنانے کا قوی امکان ہے۔ عوامی حکومت کی انجام دہی کیلئے مختلف شعبہ جات سے تعلقات رکھنے والے ماہرین اور دانشوروں سے بھی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کا حلف لینے کے بعد ریونت ریڈی چیف منسٹر آفس کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدوں پر نامزدگیاں اور تبادلے کرتے ہوئے نظم و نسق کو باآسانی انجام دینے کیلئے اپنی نئی ٹیم تیار کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ن