مرکزی وزیر کشن ریڈی اور ریاستی وزیر سرینواس یادو میں تکرار
حیدرآباد ۔17۔ فروری (سیاست نیوز) سرکاری تقاریب میں پروٹوکول کے مسئلہ پر مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی اور ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو میں لفظی تکرار دیکھی گئی ۔ میٹرو ریل کے گزشتہ ہفتہ افتتاحی تقریب میں مدعو نہ کئے جانے کی کشن ریڈی نے شکایت کی جس پر سرینواس یادو نے کہا کہ سکندرآباد میں مرکزی وزیر گوئل کے دورہ کے مواقع پر انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔ ٹوئیٹر پر دونوں وزراء نے ایسے ریمارکس کرکے پروٹوکل نظرانداز کرنے کی شکایت کی۔ سرینواس یادو نے کشن ریڈی سے سوال کیا کہ ان کے پاس کیا جواب ہے۔ کیونکہ مرکزی وزیر کے دورہ کے موقع پر مقامی رکن اسمبلی کو مدعو کرنا ضروری ہے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ وہ سستی شہرت کیلئے حربے استعمال نہیں کرتے۔ اسی دوران گورنمنٹ وہپ کے پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ میٹرو ریل کی افتتاحی تقریب کے سلسلہ میں کشن ریڈی غیر ضر وری تنازعہ پیدا کرکے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افتتاحی تقریب کے دعوت نامہ میں وزیراعظم نریندر مودی اور کشن ریڈی کی تصویر شائع کی گئی تھی ۔