کراچی / دبئی ۔3 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق فوجی حکمراں جنرل پرویز مشرف کو پیر کے روز دبئی کے ایک ہاسپٹل میں شریک کیا گیا کیونکہ گذشتہ کچھ دنوں سے اُن کا بلڈ پریشر بڑھ گیا تھا اور قلب کے عارضہ نے انہیں مزید پریشان کرنا شروع کردیا تھا ۔ 76 سالہ پرویز مشرف اس وقت دبئی میں خود ساختہ ’’ جلاوطنی ‘‘ کی زندگی گذار رہے ہیں ۔ انہیں اسٹریچر پر دبئی امریکن ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ بعد ازاں ان کی آل پاکستان مسلم لیگ ( اے پی ایم سی ) پارٹی نے بھی ان کی ناسازی مزاج کی توثیق کی ۔ انگریزی اخبار ’’ ڈان ‘‘ کے مطابق مشرف گذشتہ کچھ دنوں سے سینے میں درد کی شکایت کررہے تھے ۔ ڈاکٹروں نے پہلے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کا معائنہ کیا اور بعد ازاں انہیں فوری طور پر ہاسپٹل میں شریک ہونے کی صلاح دی ۔ ہاسپٹل پہنچنے پر ان کے فوری طور پر کچھ ٹسٹس کئے گئے تاکہ ان کی صحت کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جاسکے ۔