پرکاش راج نے نریندر مودی کا ہٹلر سے تقابل کیا

,

   

بچوں کے ساتھ دونوں کی تصاویر ٹوئیٹر پر پیش، بی جے پی کی مخالف پرکاش راج مہم شروع
حیدرآباد۔5۔مئی (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو وقفہ وقفہ سے نشانہ بنانے والے بالی ووڈ اور ساؤتھ انڈین فلموں کے اداکار پرکاش راج نے اپنے تازہ ترین ٹوئیٹ میں وزیراعظم نریندر مودی کا ہٹلر سے تقابل کیا ہے۔ پرکاش راج حالیہ برسوں میں ایک جہت کار کے تحت ابھرے اور انہوں نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے بھی ان کے قریبی روابط رہے۔ فلمی اداکاری اور عوامی زندگی میں بے باکی کیلئے شہرت رکھنے والے پرکاش راج نے ٹوئیٹر پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے نریندر مودی کا تقابل ہٹلر سے کیا۔ نریندر مودی نے گزشتہ دنوں کرناٹک کی انتخابی مہم کے دوران بچوں سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان خاردار تار لگائے گئے تھے جس کے نتیجہ میں بچے مودی سے مصافحہ نہ کرسکے۔ ویڈیو میں بتایا گیا کہ بچوں نے خاردار تار کے باوجود مودی کی طرف مصافحہ کیلئے ہاتھ بڑھایا لیکن وزیراعظم نے ان سے مصافحہ نہیں کیا ۔ پرکاش راج نے مودی کی اس تصویر کے ساتھ ہٹلر کی ایک تصویر جوڑ دی جس میں وہ بھی بچوں کے ساتھ دیکھے جاسکتے ہیں اور دونوں کے درمیان خاردار تار موجود ہیں۔ تصویر کو شیئر کرکے پرکاش راج نے لکھا کہ ’’تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ مستقبل ان خاردار تاروں کے پیچھے ہے، ہوشیار رہیں‘‘۔ پرکاش راج کے اس ٹوئیٹ کے بعد بی جے پی کے حامیوں نے سوشیل میڈیا میں ان کے خلاف مہم شروع کردی ہے اور پرکاش راج کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ر