پرگتی بھون سے رکاوٹیں ہٹادی گئیں پرجا بھون میں عوام کے داخلہ کی اجازت

   

حیدرآباد ۔7۔ڈسمبر (سیاست نیوز) گزشتہ 10 برسوںسے چیف منسٹر کی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون میں عوام کو داخلہ کی اجازت نہیں تھی اور پرگتی بھون کے باہر بیریکیٹس نصب کئے گئے تھے لیکن ریونت ریڈی کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری کے فوری بعد رکاوٹوں کو دور کردیا گیا۔ چیف منسٹر بننے سے قبل ریونت ریڈی نے پرگتی بھون کے دروازہ عوام کیلئے کھولنے کا اعلان کیا تھا ۔ حلف برداری کے فوری بعد عہدیداروں نے گیس ویلڈنگ آلات کا استعمال کرکے مستقل طور پر تعمیر کردہ شیڈ، فینسنگ اوربیریکیٹس کو نکال دیا۔ رکاوٹوں کو دور کرنے سے علاقہ میں ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی ہوگی۔ کے سی آر دور حکومت میں عوام کو پرگتی بھون میں داخلہ کی اجازت نہیں تھی۔ ریونت ریڈی نے پرگتی بھون میں جیوتی با پھولے پرجا بھون کا اعلان کرکے کہا کہ یہاں عوام کا داخلہ کھل جائے گا۔ عہدیداروںکو مستقل تیار کردہ بیریکیٹس کو نکالنے میں کافی مشقت کرنی پڑی اور بلڈوزر کا استعمال کرنا پڑا۔